دلیہ کھانا کینسر سمیت مختلف امراض سے بچائے

روزانہ ایک پیالہ دلیہ کھانے کی عادت کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ دعویٰ امریکہ کی معتبر ہاورڈ یونیورسٹی کی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دلیہ کا استعمال کینسر سے موت کے خطرے کو کم کرتا ہے۔8 لاکھ افراد پر ہونے والی 12 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ 70 گرام دلیہ کھانا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 22 فیصد اور کینسر سے موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم کرتا ہے۔ اسی طرح اجناس پر مشتمل غذا خون کی شریانوں سے متعلقہ امراض جیسے ہارٹ اٹیک، فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ بھی 20 فیصد تک کم کردیتی ہے۔محققین کا ماننا ہے کہ اجناس جیسے دلیے پر مشتمل غذا کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھنے اور بلڈ شوگر لیول کو متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جبکہ لوگوں کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ غیرصحت مند غذاؤں سے دور رہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں کہ اجناس جیسے دلیہ، گندم وغیرہ کا استعمال بہتر صحت کا باعث بنتا ہے اور مختلف امراض سے موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔جو، گندم اور دیگر اجناس کے حوالے سے سابقہ رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ یہ غذا بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے، معدے کے صحت بخش بیکٹریا کو بڑھاتی ہے اور ذیابیطس کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔