دفعہ35A:وادی کشمیرمیں کئی جگہ بند،ریل خدمات معطل، امتحانات ملتوی

سرینگر 30اگست (سیاست ڈاٹ کام )آئینِ ہند کی دفعہ 35-Aجس کے تحت جموں وکشمیر ریاست کو خصوصی پوزیشن حاصل ہے ، کو ہٹانے کی کوششوں کے خلاف مشترکہ مذاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی دو روز ہ بند کال کے پیش نظر وادی کے اطراف واکناف میں معمولات زندگی مکمل طور درہم برہم نظر آرہی ہے ۔راجدھانی سرینگر کے لال چوک اور اس کے مضافات میں ہوکا عالم ہے ۔تمام دکانیں، کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے ۔وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سے بھی مکمل بند کی اطلاعات ہیں۔ادھر جموں صوبہ کے راجوری وپونچھ اضلاع میں بھی دفعہ35-Aکے حق میں جزوی بند ہے ۔متعدد سیاسی ،سماجی، غیر سرکاری تنظیموں اور علماء کی کارڈی نیشن کمیٹی راجوری نے دو روزہ ہڑتال کی کال دی ہے جس کے تحت جمعرات کو راجوری بنداور جمعہ کو بعد نمازجمعہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔وادی چناب سے بھی بند کی اطلاعات ہیں۔چناب میں انجمن اسلامیہ بھدرواہ، مرکزی سیرت کمیٹی ڈوڈہ، انجمن اسلامیہ گندوہ، مسجد کمیٹی ٹھاٹھری اور مجلس شوریٰ کشتواڑ نے مشترکہ مذاحتمی قیادت کی طرف سے دی گئی دو روزہ بند کال کی حمایت کی ہے ۔تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور متعدد مسلم نجی اسکول پورے وادی چناب میں بند رہے ۔تاہم سرکاری اسکول اور دفاتر معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں جبکہ گاڑیاں بھی معمول کے مطابق سڑکوں پر ہیں۔ ڈوڈہ، گندوہ، کہاراہ، ٹھاٹھری، کشتواڑ، بھدرواہ سے مکمل بند کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق امن وقانون کو بنائے رکھنے کے لئے نزدیک جامع مسجد بھدرواہ کے علاوہ ڈوڈہ، ٹھاٹھری، گندوہ اور کشتواڑ کے تمام حساس مقامات پر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔دفعہ35-Aجس کے تحت جموں وکشمیر میں بیرون ریاست کا کوئی بھی شہری جائیداد خرید نہیں سکتا اور نہ ہی یہاں سرکاری ملازمت حاصل کرسکتا ہے ، کو عدالت عظمیٰ میں متعدد عرضیوں کے تحت چیلنج کیاگیاہے جس کی سماعت 31اگست 2018کو سپریم کورٹ میں ہونی طے ہے ۔پولیس کی طرف سے جاری بیان میں بتایاگیاہے کہ سرینگر شہر کے نوہٹہ، خانیار، رینہ واری، ایم آر گنج اور صفا کدل پولیس تھانوں کے تحت مکمل پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ کرال کھڈ اور مائی سومہ پولیس تھانوں کے تحت جمعرات اور جمعہ کے روز عارضی طورلوگوں کی نقل وحمل پر پابندی رہے گی۔دریں اثناء دو روزہ ہڑتال کال کے پیش نظر بارہمولہ اور بانہال کے درمیان ریل خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔کشمیر یونیورسٹی نے مختلف پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلہ کے لئے جمعرات اور جمعہ کو لئے جانے والے تمام انٹرنس امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے۔

جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند
جموں،30اگست (سیاست ڈاٹ کام)تین سوکلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کے روز ایکبار پھر پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے ۔ٹریفک پولیس کے سنیئر افسر نے بتایاکہ ضلع رام بن میں بیٹری چشمہ کے نزدیک پسی گر آنے کی وجہ سے ٹریفک آمدورفت قومی شاہراہ پر متاثرہوئی ہے ۔ پسیاں صاف کرنے کا عمل تیزی سے شروع کیا گیاہے ۔