دفعہ ۳۵اے کے خاتمہ سے نوجوان نوکریوں سے محروم ہوجائیں گے : عمران ڈار 

سر ی نگر : نیشنل کانگریس نے دفعہ ۳۵اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو نوجوان پریشان او ر ریاست کے سماجی و اقتصادی ڈھانچہ کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے ۔پارٹی کے صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں دفعہ ۳۵ اے کو مسخ کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر نے روزگاری کے معاملے میں ملک کی ریاستوں میں سر فہرست ہے اور اس دفعہ کے جانے سے یہاں کی بے روزگارمیں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے پاس روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں ۔ہمارے کاروبار بری طرح متاثر ہیں۔عمران ڈار نے کہا کہ کیا بی جے پی حکومت کشمیری نوجوانوں سے اب یہ محدود نوکریاں بھی چھین لینا چاہتی ہیں ؟ صوبائی ترجمان نے کہا کہ ریاست کے کل ۱۴؍ ڈی ایم سیٹوں میں سے ۹؍ غیر ریاستی ڈاکٹروں کو فراہم کی گئیں ہیں ۔اس صورتحال سے نہ صرف ریاست کے ڈاکٹر اعلی تعلیمی مواقع سے محروم ہورہے ہیں بلکہ ریاست کے طبی شعبہ پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ انھوں نے کہا کہ دفعہ ۳۵اے کے خاتمہ سے جہاں ملک بھر کے امیدوار یہاں کی نوکریوں اورتعلیمی اداروں میں داخلے کے اہل ہوجائیں گے او رمقامی نوجوانوں کیلئے یہاں کچھ نہیں رہے گا ۔

عمران ڈار نے کہا کہ اس دفعہ کے خاتمہ سے نہ صرف ریاست کا آبادیاتی تناسب بگڑجائے گا بلکہ نوکریاں ، ملازمتیں ، اسکالر شپس او ردیگر مراعات جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے خواب بن جائے گا ۔ اس دفعہ سے کشمیر جتنا متاثر ہوگا اس سے زیادہ جموں و لداخ بھی ہوگا ۔