دفعہ ۳۵؍ اے سے چھیڑ چھاڑ کے نتائج تباہ کن : محبوبہ مفتی

سری نگر : ڈیمو کریٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) کی صدر اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ ۳۵؍اے سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر سارے ملک پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ پارٹی او ردیگر وابستگیوں سے بالا تر ہوکر دفعہ ۳۵؍ اے کے دفاع کیلئے متحد ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو دفعہ ۳۷۰؍ کے تحت حاصل موقف پر میرے والد مفتی محمد سعید کو فخر تھا ۔وہ اکثر کہتے تھے کہ جہاں ریاست کے لوگوں نے اس کے لئے بڑی قربانیاں دیں ہیں وہیں ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں کہ اس خصوصی موقف کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے ۔‘‘و اضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دفعہ ۳۵؍ اے کی سماعت کے لئے ۶ ؍ اگست کی تاریخ مقرر کی ہے ۔تاہم وادی کشمیر میں سماعت سے قبل ہی صورتحال بگڑتے نظر آرہی ہے ۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق او رمحمد یسین ملک نے دفعہ ۳۵؍ اے کے ساتھ چھیڑ چھا ڑ کے خلاف ایجی ٹیشن شروع کرنے کی دھمکی دی ہے ۔او روادی کشمیر کی عوام نے اس ایجی ٹیشن کی تائید کی ہے ۔نیشنل کانگریس او ر پی ڈی پی نے بھی دفعہ ۳۵ ؍ ا ے کی منسوخی کی کسی بھی کوشش کے اعلان جنگ کیا ہے ۔

واضح رہے کہ 35/A غیرریاستی شہریوں کو جموں و کشمیر میں مستقل سکونت اختیار کرنے ، غیر منقولہ جائداد خریدنے ، سرکاری نو کریاں حاصل کرنے ، ووٹ ڈالنے کے حق او ردیگر سرکاری مراعات سے حاصل کرنے کا حق رکھتی ہے ۔