دستور کا تحفظ اور سیکولرازم کی مضبوطی ضروری

بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل، کانگریس لیڈر انجن کمار یادو کی مشیرآباد میں مہم

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے مختلف مقامات پر گھر گھر کانگریس کی مہم چلاتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ دستور کو بچانے اور سیکولرازم کو مضبوط کرنے کے لئے تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن کو شکست دیتے ہوئے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انجن کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے مختلف علاقوں امبیڈکر کالج، چکڑپلی، فیور ہاسپٹل، ٹی آر سی کوارٹرس، چارمینار چوراہا، باغ لنگم پلی کے علاوہ دوسرے علاقوں میں پدیاترا منظم کی۔ اس پدیاترا میں سابق ڈپٹی میئر راجکمار، سابق کارپوریٹرس ایس محمد واجد حسین، کلپنا یادو، انجی یادو، شکیل خان، ایم اے وحید، موسیٰ قاسم، مسرت بیگم، عبدالقادر، کے آر کے پرساد کے علاوہ دوسرے قائدین اور پارٹی کے سینکڑوں کارکن موجود تھے۔ انجن کمار یادو نے اپنی پدیاترا کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن پر اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے عوام نے بھروسہ کیا تھا لیکن اُنھوں نے عوام کو مایوس کیا۔ ترقیاتی اور فلاحی کاموں کو مکمل نظرانداز کردیا۔ ساری ریاست میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے، سیکولرازم کو مستحکم کرنے اور دستور کو بچانے کے لئے بی جے پی کو شکست دینا ضروری ہوگیا ہے۔ مودی اور کے سی آر نے خفیہ اتحاد کرتے ہوئے ملک اور ریاست میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ دونوں کو سبق سکھانا سیکولر نظریات رکھنے والے عوام کی ذمہ داری ہے۔ کے سی آر نے 2014 ء میں 12 فیصد مسلم تحفظات، ایس ٹی تحفظات، دلت طبقات کو تین ایکر اراضی، ہر گھر سے ایک ملازمت اور غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کے علاوہ اور دوسرے ڈھیر سارے وعدے کرتے ہوئے ہتھیلی میں جنت دکھائی۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد اپنے خاندان کو فائدہ پہونچاتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو مقروض کردیا۔ انجن کمار یادو نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی۔
میڈی کور کے 36 فرٹیلیٹی کلینکس کا منصوبہ
حیدرآباد 30 اکٹوبر (پی ٹی آئی) نگہداشت صحت کی سرویس فراہم کرنے والا یوروپی ادارہ میڈی کور ملک بھر میں ڈسمبر 2019 ء تک 36 فرٹیلیٹی کلینکس کھولنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ کمپنی کے ایک سینئر عہدیدار نے آج بتایا کہ یہ ملک میں 2021 ء تک جملہ 60 کلینکس قائم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ میڈی کور فرٹیلیٹی ، انڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر گورو ملہوترہ نے آج یہاں کمپنی کے 15 ویں کلینک کا آغاز کیا۔