درگاہ شہباز قلندر ؒ پر حسب معمول عرس رسومات

دہشت گردوں کو سخت پیغام، ہزاروں برہم عوام کا احتجاج ، پولیس ویان نذرآتش

کراچی ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سوگوار زائرین آج لال شہباز قلندر ؒ صوفی کی درگاہ پر کثیر تعداد میں پہنچ گئے اور مقررہ رسومات ادا کیں جن میں صوفی رقص ’’دھمال‘‘ شامل تھا۔ اس طرح انہوں نے دہشت گردوں کو سخت لب و لہجہ میں پیغام دیا کہ درگاہ کے زائرین دہشت گرد حملہ سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ قبل ازیں ہزاروں برہم احتجاجی آج سڑکوں پر نکل آئے اور اس درگاہ پر سیکوریٹی کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ غیرصنعتی اساس پر چلائے جانے والے ایک فلاحی ادارہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ذمہ دار فیصل ایدھی امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے سہوان پہنچ گئے۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہیکہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس دوران سہوان ٹاؤن میں آج ہزاروں برہم عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے اس دہشت گرد حملے اور درگاہ پر مؤثر سیکوریٹی انتظامات میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ اس درگاہ پر ہر جمعرات کو ہزاروں عقیدتمند پہنچتے ہیں، جن کے تحفظ و سلامتی کیلئے حکومت کی طرف سے مناسب سیکوریٹی فراہم نہیں کی گئی تھی۔ مشتعل عوام کے ایک ہجوم نے چند گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ ایک پولیس ویان کو نذرآتش کردیا اور ٹائر جلا کر سڑکوں کی ناکہ بندی کی۔ ایک احتجاجی نے جس کا بھائی اور چند دوست گذشتہ روز کے دہشت گرد حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں، کہا کہ ’’درگاہ پر پہنچنے والے ہزاروں عقیدتمندوں کیلئے صرف تین اسکینرس نصب ہیں اور وہ بھی باقاعدہ کام نہیں کررہے ہیں۔ ڈی آئی جی حیدرآباد (سندھ) رینج منظور نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہیکہ حملہ آور برقعہ میں آیا تھا اور عقیدتمندوں کے بھاری ہجوم کے درمیان گولڈن گیٹ سے درگاہ کے احاطہ میں داخل ہوا‘‘۔
پنیرا سلوم کیمپ نے ششی کلا کو برطرف کردیا
چینائی ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو میں جیسے کو تیسا قدم اٹھاتے ہوئے دو پنیراسلوم کیمپ نے انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا اور ان کے دو رشتہ داروں کو پارٹی کے اصولوں اور نظریات کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت برطرف کردیا۔ ای مدھوسدانن نے جنہیں قبل ازیں ششی کلا نے صدرنشین مجلس صدارت کے عہدہ سے برطرف کردیاتھا۔ آج کہا کہ انہوں (ششی کلا) نے آنجہانی جیہ للیتا سے کئے گئے اپنے اس وعدہ کی خلاف ورزی کی ہے کہ وہ سیاست میں داخل نہیں ہوں گے کیونکہ انہیں پارٹی یا حکومت کا حصہ بننے سے کوئی رغبت یا دلچسپی نہیں ہے۔ مدھوسدانن نے انا ڈی ایم کے کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ششی کلا سے کوئی تعلق یا وابستگی نہ رکھیں۔