دالوں کا استعمال موٹاپے سے بچاؤ کیلئے مفید

بیج، مٹر، چنے اور دالوں کا استعمال نہ صرف لوگوں کو موٹاپے سے نجات دلاتا ہے بلکہ اس کے دوبارہ لوٹنے کا امکان بھی کم کردیتا ہے۔یہ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
ٹورنٹو کے لی کا شینگ نالج انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ 130 گرام دالوں کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جبکہ جسم میں خراب کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے۔
اس تحقیق کے لئے 940 مرد و خواتین کا جائزہ لیا گیا جنھوں نے اپنی غذا میں دالوں کا اضافہ کرکے 6 ہفتوں میں اوسطاً ایک کلو تک وزن کم کرلیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی دیگر اشیاء کا استعمال ترک کیے بغیر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکثر لوگ دالوں کا استعمال کم کرتے ہیں تاہم جسمانی وزن کو مستحکم رکھنے کے لئے اس کے استعمال کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔
تحقیق کے مطابق دالیں، بیج یا چنے وغیرہ آہستگی سے ہضم ہوتے ہیں جس سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ وقت تک برقرار رہتا ہے اور لوگ صحت کے لئے نقصان دہ چیزوں سے دور رہتے ہیں۔
محققین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اکثر جسمانی وزن میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوجاتی ہیں مگر اس کے بعد وزن میں دوبارہ اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ زیادہ بھوک لگنا اور مخصوص غذاؤں کی اشتہا بڑھ جانا ہوتا ہے۔
تاہم اگر دالوں، بیج، چنے یا مٹر وغیرہ کا استعمال معمول بنالیا جائے تو یہ خطرہ لگ بھگ ختم ہوجاتا ہے۔یہ تحقیق امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔