داغدار وزیر کی پارٹی اُصولوں سے غداری۔ کجریوال

چیف منسٹر دہلی کی قیامگاہ کے روبرو بی جے پی کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ
نئی دہلی۔یکم ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے چیف منسٹر ارویند کجریوال نے آج کہا ہے کہ برطرف وزیر سندیپ کمار نے بنیادی اقدار سے غداری کی ہے جس پر عام آدمی پارٹی ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے غلط کاموں اور کرپشن کے معاملات میں متضاد رویہ اختیار کرنے پر حریف جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک ویڈیو پیام میں کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے اُصولوں کی پامالی کی بجائے وہ مرجانا پسند کریں گے اور اس قاعدہ کا نہ صرف ان پر بلکہ دیگر سینئر لیڈروں پر اطلاق ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ کل ریاستی وزیر بہبودی خواتین و اطفال سندیپ کمار کی ایک سی ڈی دستیاب ہونے کے بعد کابینہ سے برطرف کردیا گیا تھا۔ مذکورہ سی ڈی میں سندیپ کمار ایک خاتون کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا۔انہوں نے واضح کہا کہ ہم نے غلط کاموں کی کبھی پردہ پوشی نہیں کی اور ہمیشہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہا جاتا ہے اور یہ بنیادی خصوصیات عام آدمی پارٹی کو دیگر جماعتوں سے ممتاز بناتی ہیں۔ بی جے پی کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کجریوال نے دریافت کیا کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان، راجستھان چیف منسٹر وسندھرا راجے اور سابق چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل کے خلاف الزامات پر کیا کارروائی کی گئی؟ دریں اثناء برطرف وزیر سندیپ کمار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایک دلت ہونے کے ناطے انہیں سازش میں پھنسایا گیا ہے

اور اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے متنازعہ سی ڈی کی اصلیت پر بھی سوال اٹھایا ۔دہلی حکومت سے برخاست خواتین اور بہبوداطفال کے وزیر سندیپ کمار کے جنسی اسکینڈل کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے آج وزیر اعلی ارویند کجریوال کے گھر کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین کو ہٹانے کیلئے پولیس کو پانی کی بوچھار کرنی پڑی۔پارٹی کارکن صبح قریب گیارہ بجے وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے پاس جمع ہو گئے اور عام آدمی پارٹی (عاپ) حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کرنے کے ساتھ ہی مسٹر کیجریوال کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا ا سکینڈل میں پھنسے مسٹر کمار نے اس معاملے میں خود کو بے قصور بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دلت ہونے کی قیمت ادا کرنی پڑی ہے ۔ ان کے خلاف سازش کی گئی ہے ۔جنسی اسکینڈل سے منسلک جس سی ڈی کو لے کر اتنا ہنگامہ کیا جا رہا ہے اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے ۔ حقیقت خود بہ خود سامنے آ جائے گی۔ ادھر دہلی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر وجیندر گپتا نے کہا ہے کہ مسٹر کمار نے اخلاق کی تمام حدیں پار کر دیں جبکہ مسٹر کیجریوال اپنے وزراء کو ‘ہیرا’ بتاتے تھکتے نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کو شرمسار کرنے والے جنسی سکینڈل کے لئے وزیر کو کابینہ سے نکالنا ہی کافی نہیں ہے ، انہیں پارٹی سے بھی نکالا جانا چاہئے ۔

داؤد ابراہیم کے گٹکھا بزنس کے معلومات فراہم کرنے سی بی آئی کی درخواست
نئی دہلی ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے مبینہ گٹکھا تجارت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے پاکستان کی درخواست کرنے ایک عدالتی گذارش روانہ کرنے کی خواہش کی تھی۔ شدت سے مطلوب اس دہشت گرد کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد سی بی آئی نے عدالت سے کہا کہ داؤد ابراہیم گٹکھا کا کاروبار ہے اس بارے میں پاکستان سے معلومات حاصل کی جائیں۔