خیانت بُرائی ہے

بچو! ’’یقینا، اللہ خائنوں کو پسند نہیں کرتا‘‘۔خائن وہ انسان ہے جو امانت میں خیانت کرے۔ دھوکہ دے، بے اِیمان ہو۔ خائنین، خائن کی جمع ہے۔ خائن ہمیشہ ذلت کی زندگی گزارتا ہے۔ہمارے ذمے دوسروں کے جو حقوق ہیں، ان کو دیانت اور سچائی کے ساتھ ادا نہ کرنا خیانت ہے۔ دوسروں کی امانت مثلاً مال و دولت، راز کی بات، وغیرہ کی حفاظت نہ کرنا خیانت ہے۔ یاد رکھیں کہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت اچھی ہے!
بُرائی کے جواب میں اچھائی
بچو! اچھے مسلمانوں کا یعنی اچھے انسانوں کا ایک اخلاقی وصف یہ ہے کہ وہ کبھی بُرائی کے عوض بُرائی نہیں کرتے، بلکہ بُرائی کے جواب میں اچھائی کرتے ہیں۔ بُرائی کو مٹانے کا اور دشمن کو دوست بنانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ وہ بُرائی کرے تو تم اس کے ساتھ اچھائی کرو۔
غور کرنے کی ایک بات یہ بھی ہے کہ اگر بُرائی کے بدلے میں بُرائی کی جائے گی تو پھر بُرائی کرنے والے میں اور تم میں کیا فرق رہا! بُرائی کے جواب میں بُرائی کرنے سے بُرائی مٹنے کی بجائے اور بڑھ جائے گی۔ اچھا انسان وہ ہے جس سے اس کے دشمن بھی بے خوف ہوں۔ وہ آدمی کیا جس سے اس کے دوست بھی ڈریں!
٭٭٭٭٭