خوش آمدید 2018ء !شہر میں نئے سال کا جشن

پولیس کے موثر انتظامات ، جشن منانے والوں میں ڈسپلین
حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) خوش آمدید 2018 ء کے نعروں کی گونج میں دونوں شہروں کے نوجوانوں نے 12 بجے شب نئے سال کا پرتپاک استقبال کیا ۔ سارے شہر میں جشن کا ماحول دیکھا گیا ۔ ٹینک بنڈ ، ہائی ٹیک سٹی ، بنجارہ ہلز ، نامپلی ، عابڈس ، چادر گھاٹ ،نلگنڈہ چوراہا ، سعیدآباد ، دلسکھ نگر اور پرانا شہر کے اکثر حصوں میں نوجوانوں نے سڑکوں پر جمع ہوکر نیا سال منایا گیا ۔ علاوہ ازیں شہر کی بڑی ہوٹلوں ، پبس اور دیگر تفریح گاہوں میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔ پولیس کیجانب سے اس موقع پر موثر انتظامات کئے گئے تھے ۔ بالخصوص حالت نشہ میں ڈرائیونگ ، منچلے نوجوانوں کی موٹر سیکل سواری اور کرتب بازیوں کو روکنے کیلئے پولیس کو متحرک کیا گیا تھا ۔ بعض مقامات پر آتشبازی بھی کی گئی ۔ اکثر ہمہ منزلہ عمارتوں کی چھتوں پر افراد خاندان کو نئے سال کا جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا ۔ جشن سال نو کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی کے انتظامات کئے تھے اور نکلس روڈ کے علاوہ دیگر اہم فلائی اوورس کو بھی بند کردیا گیا تھا تاکہ مہلک حادثات کو روکا جاسکے ۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے محکمہ آبکاری کے عہدیداروں کی مدد سے 50 خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے مختلف جگہ پر حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے تحت کئی ڈرائیورس کی جانچ کی اور ان کی حالت نشہ میں ہونے کا پتہ لگایا۔

سالِ نو پر گورنر نرسمہن ، کے سی آر اور چندرا بابو کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (این ایس ایس) آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور ان دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس چندرا بابو نائیڈو اور کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کو سال نو کی مبارکباد دی ہے۔ گورنر نرسمہن نے اپنے پیغام مبارکباد میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال 2018ء ان دونوں ریاستوں کے عوام کیلئے خوشیاں لائے۔ گورنر یکم جنوری کو 11 بجے تا دوپہر 12 بجے دن راج بھون کے دربار ہال میں عوام اور سیول سوسائٹی کے قائدین سے ملاقات اور مبارکباد کا تبادلہ کرینگے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے اپنے پیغام مبارکباد میں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے خدا سے دعا کی اور اُمید کی ہوئی کہ عوام کی فلاح و ترقی کے بروگراموں کو 2018ء میں کامیابی کیساتھ روبہ عمل لایا جائے گا۔ چیف منسٹر اے پی نے اپنی ریاست کے عوام کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہر شہری کو ترقی کے کاموں کا ساجھیدار بننا چاہئے کیونکہ فلاح و ترقی کی اسکیمات پر عمل آوری کے معاملے میں آندھرا پردیش آگے ہے۔