خلیجی تعاون کونسل کا سربراہ اجلاس ، قطر کو سعودی شاہ سلمان کی دعوت 

دوحہ : سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کو خلیجی ملکوں کی سربراہ کانفرنس میں مدعو کیا ہے ۔ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شیخ تمیم کو سعودی شاہ کی جانب سے ۹؍ دسمبر کو ریاض میں ہونے والے سربراہ اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔ تاہم قطر حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ وہ دعوت نامہ قبول کئے ہیں یا نہیں ؟ سعودی عرب او رقطر کے تعلقات جون ۲۰۱۷ء سے کشیدہ ہیں ۔

جب سعودی حکومت اور اس کے اتحادی عرب ملکوں نے دوحہ پر دہشت گردوں کی مدد کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی ، تجارتی اور مواصلاتی منقطع کرلئے تھے ۔ سعودی عرب کے اس اقدام کو ۶؍ خلیجی ملکوں کی نمائندہ تنظیم ’’ جی سی سی ‘کے ۲؍ دیگر ارکان متحدہ عرب امارت اور بحرین کی بھی حمایت حاصل تھی جب کہ مصر نے بھی سعودی عرب کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے قطر سے اپنے تعلقات منقطع کرلئے تھے ۔ گذشتہ سال کویت میں ہونے والے جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں قطر کے امیر کی شرکت کے رد عمل میں سعودی عرب بحرین او رعرب امارت کے سربراہان شریک نہیں ہوئے تھے ۔ بلکہ انہوں نے اس اجلاس میں اپنے نمائندے بھیجے تھے ۔

قطر کو سعودی عرب کے شاہ سلمان کا دعوت نامہ ایسے وقت موصول ہوا ہے جب ایک دن قبل ہی قطر نے اچانک عالمی منڈی میں تیل فروخت والے ملکو ں کی نمائندہ تنظیم اوپیک کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیاتھا ۔