خلاء باز کلپنا چاؤلہ’’امریکن ہیرو‘‘ : ٹرمپ

بعدازمرگ چاؤلہ کیلئے متعدد ایوارڈس کا اعلان
کروڑوں امریکی لڑکیاں بھی چاؤلہ کی طرح خلاء باز بننے کی خواہاں

واشنگٹن ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ہندوستانی نژاد خاتون خلاء باز کلپنا چاؤلہ کو آج اپنی زندگی خلائی پروگرام کیلئے وقف کرنے اور کروڑوں لڑکیوں کو خلاء باز بننے کی تحریک دینے والی ’’امریکن ہیرو‘‘ قرار دیا۔ یاد رہیکہ امریکہ میں ماہ مئی کو ایشین امریکن اینڈ پیسیفک آئی لینڈرس ہیریٹیج کے مہینہ کے طور پر منایا جاتا ہے جس کی یو ایس کانگریس نے بھی توثیق کی ہے۔ کلپنا چاؤلہ کے تعلق سے صدر نے یہ ریمارکس اس وقت کئے جب انہوں نے ماہ مئی کو خصوصی طور پر منانے کا اعلان کیا۔ یاد رہیکہ کلپنا چاؤلہ خلاء میں جانے والی پہلی ہندوستانی نژاد خلاء باز تھیں۔ 2003ء میں خلائی شٹل کولمبیا کے حادثہ کا شکار ہوجانے پر ان کی موت ہوگئی تھی۔ اس خلائی شٹل میں دیگر چھ خلاء باز بھی سوار تھے۔ زمینی حدود میں داخل ہوتے وقت خلائی شٹل کے ٹکڑے ہوگئے تھے۔ ٹرمپ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کلپنا چاؤلہ ہندوستانی قومیت رکھنے والی ایسی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے خلاء کا سفر کیا اور امریکن ہیرو بن گئیں کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی خلائی پروگرام کیلئے وقف کردی تھی۔ وہ اکثر و بیشتر متعدد مشنس سے وابستہ رہا کرتی تھیں جن میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے کارگو اور عملہ کے افراد کو لانا اور لے جانا بھی شامل تھا۔ کلپنا چاؤلہ کے انتقال کے بعد کانگریس نے انہیں کانگریشنل اسپیس میڈل آف آنر سے نوازا ہے جبکہ ناسا نے انہیں ناسا اسپیس فلائیٹ میڈل اور ناساڈسٹنگیشڈ سرویس میڈل سے نوازا۔ ٹرمپ نے کہا کہ کلپنا چاؤلہ آج بھی کروڑوں امریکی لڑکیوں کی ’’ہیرو‘‘ ہیں اور وہ بھی ان کی طرح خلاء باز بننا چاہتی ہیں۔ ایشین امریکن اینڈ پیسیفک آئی لینڈر ہیریٹیج کے خصوصی مہینے (مئی) میں ٹرمپ انتظامیہ ان کے کارناموں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے متعلقہ شعبوں میں غیرمعمولی کارنامے انجام دینے کا اعتراف کرتا ہے۔ امریکہ میں ایشین امریکن اور پیسیفک آئی لینڈرس کی آبادی 20 ملین ہے جو امریکہ کو ہی اپنا وطن تصور کرتے ہیں۔