خشوگی قتل کی شفاف اور دیانتدانہ تحقیقات ہونا چاہئے : انسانی حقوق کمشنر

اقوام متحدہ ۔31 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سربراہ نے منگل کے روز مقتول صحافی جمال خشوگی کے قتل کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کئے جانے کی اپیل کی اور حکومت سعودی عرب سے بھی خواہش کی کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت جمال خشوگی کی نعش کے محل و قوع کے بارے میں بغیر کوئی پس و پیش کے انکشاف کردے ۔ یاد رہے کہ جمال خشوگی کو آخری بار 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی سفارت خانہ کی عمارت میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیاتھا ۔ دوسری طرف سعودی عرب نے جسے اس وقت عالمی دباؤ کاسامنا ہے ، خشوگی کے محل و قوع کے بارے میں متضاد بیانات دیئے ہیں۔ قبل ازیں یہ بیان دیاگیا تھا کہ خشوگی سفارت خانہ میں اپنا کام مکمل ہوجانے کے بعد عقبی دروازے سے باہر نکل گئے تھے ، بعد ازاں یہ بیان سامنے آیاکہ سعودی ایجنٹس کی ایک ٹیم نے اُن کا قتل کردیا ہے جس پر کسی کو یقین نہیں آیا۔ ترک عہدیداروں کا استدلال ہے کہ خشوگی کو سعودی ایجنٹس کی ایک ٹیم نے ہلاک کیا ہے جس کے ثبوت بھی اُن کے (ترک عہدیدار) کے پاس ہیں۔ اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق شیل بشلیٹ نے کہا ہے کہ خشوگی قتل معاملہ میں انسانی حقوق کی جو بھی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں اُن کی دیانتدارانہ طورپر تحقیقات ہونی چاہئے ۔