حیدرآباد میں مزید بارش کی وارننگ

عہدیداروں کو چوکس رہنے کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔یکم ستمبر(سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر حیدرآباد میں مزید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے بعد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے افسرچوکس ہوگئے ہیں اور کل ہوئی شدید بارش کے نقصانات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔حسین ساگر کی آبی سطح میں کمی آگئی ہے کیونکہ اس سے بڑے پیمانہ پر پانی کو خارج کیا گیا تھا ۔ نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ اسی دوران خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے جس کے زیر اثر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے ۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اپنے حدود میں1997 عمارتوں کی نشاندہی کی ہے جن میں سے 800 عمارتیں پرانی اور مخدوش حالت میں ہے جن کو فوری طور پر منہدم کرنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ روز شہر میں شدید بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی وارننگ کے پیش نظر حکام نے آج کئی مخدوش عمارتوں کو منہدم کردیا اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی نے آج ٹاون پلاننگ کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرتے ہوئے پرانی اور خستہ عمارتوں کو منہدم کرنے کے سلسلہ میں مختلف ہدایتیں دیں ۔ اس سلسلہ میں کارپوریشن کے بعض سرکلوں میں کام شروع ہوچکا ہے ۔ آج جی ایچ ایم سی کے کنٹرول روم سے بارش کے بعد آج کی صورتحال کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا ۔ دونوں شہروں میں ہوئی شدید بارش اور آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کی وارننگ کے پیش نظر وزیر بجلی جگدیشور ریڈی نے افسروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی۔ حیدرآباد شہر کے علاوہ تلنگانہ ریاست میں بجلی کے ملازمین کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے اور وقتاً فوقتاً عوام کی شکایتوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی ۔گزشتہ روز دونوں شہروں میں بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کی کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں ان کو فوراً بحال کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ شارٹ سرکٹ اور بجلی کے تار کے گرنے کے واقعات والے علاقوں میں چوکسی اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔