حقیقی حب الوطنی لوگوں کے مسائل حل کرنا ،بی جے پی پر پرینکا گاندھی کی تنقید

جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس کا عام جلسوں سے خطاب، امیتھی اور رائے بریلی میںکانگریس کی انتخابی مہم
امیتھی:28 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری و مشروی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو امیتھی میں بی جے پی کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ حقیقی نیشنلزم لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے ۔پرینکا نے وزیر اعظم کے ذریعہ انتخابی ریلیوں میں اپنے ذات کا تذکر ہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ‘‘میں نہیں جانتی کہ بی جے پی کی حب الوطنی کیسی ہے جسے کسانوں کی بدحالی ، نوجوانوں، خواتین اور دیگر افراد کی کوئی فکر نہیں ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ کافی مایوس کن ہے کہ جب کسان بغیر جوتے کے آپ کے دروازے پر جاتا ہے تو آپ اس کی بات سننے میں کوئی دلچپسی نہیں لیتے ، نوجوانوں کو روزگار دینے کے جھوٹے وعدے کئے گئے ، نیشنلزم کا مطلب ملک کے تئیں عوام کا اعتقاد ہے اور ملک کا مطلب عوام ہیں۔ لیکن جب عوام سے دھوکہ دھڑی کی جاتی ہے تو پھر نیشنلزم کا کیا ہوگا۔پرینکا نے نریندر مودی کے ذریعہ انتخابی ریلی میں اپنے ذات پر سیاسیت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں مودی کے ذات کے بارے میں نہیں جانتی۔ کانگریس نے الیکشن کے درمیان ذات کا استعمال نہیں کیا اور ہمیشہ انتخابات کے دوران ترقی کو الیکشن کا اہم ایجنڈا بنانے کی کوشش کی۔ ہم ان کے ذات کے بارے میں نہیں جاننا چاہتے اور نہ ہی ہم نے ان پر کوئی ذاتی تبصرہ کیا ہے لیکن کس چیز نے انہیں مجبور کیا کہ وہ اپنی ذات بتاتے پھر رہے ہیں یہ ایک سنگین معاملہ ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے دعوی کیا کہ سمرتی پانچ سالوں میں صرف 16 بار امیتھی آئیں ہیں اور اب وہ یہاں کے ووٹروں سے ہمدردی کا اظہار کررہی ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ ہر بار جھوٹی پبلیسٹی کے لئے چار سے پانچ گھنٹے کے لئے آئی اور میڈیا میں سرخیاں بٹورنے کے لئے جوتے ، ساڑیاں تقسیم کرتی ہیں۔ لیکن میں اس بات سے اچھی طرح سے واقف ہوں کہ امیٹھی کے عوام کافی خودار ہیں اور کبھی بھی ایسے لیڈر کو قبول نہیں کریں گے جو ان کو فقیر سمجھتا ہو۔واڈرا نے کہا کہ وہ امیتھی یہاں کے عوام کے مسائل کو جاننے کے لئے آئی ہیں اور اسے بعد میں حل کرنے کی کوشش کریں گی۔ہم نے ہمیشہ ہی امیٹھی کو اپنے گھر کی طرح جانا ہے اور یہاں کے لوگ ہمارے خاندانی اراکین کی طرح ہیں۔پرینکا رائے بریلی اور امیٹھی میں روزانہ صبح انتخابی مہم چلاتی ہیں اور پھر اس کے بعد اپنے متعینہ پروگرام کے تحت ریاست کے دوسرے حصوں میں انتخابی تشہیر کے لئے روانہ ہوجاتی ہیں۔امیٹھی اور رائے بریلی میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔