حج کیمپ 2015 کا آغاز ، عازمین حج کی روانگی کیلئے آمد

کل تین فلائٹس سے قافلوں کی پرواز ، تلنگانہ ، اے پی و کرناٹک کے عازمین شامل
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست (سیاست  نیوز) حج کیمپ 2015 ء کا آج آغازہوگیا اور 2 ستمبر کو روانہ ہونے والے تین قافلوں کے عازمین حج نے رپورٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔ 2 ستمبر کو عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے پہلے دن ایر انڈیا کی 3 فلائیٹس شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے پرواز کریں گی۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین پہلی مرتبہ حیدرآباد سے پرواز کریں گے اور تلنگانہ حج کمیٹی ان کے انتظامات کرے گی۔ تمام عازمین حیدرآباد سے بحالت احرام روانہ ہوں گے ۔ حج ہاؤز نامپلی میں قائم کردہ کیمپ میں آج شام تک پہلے دن کی 3 فلائیٹس کے 600 سے زائد عازمین حج نے رپورٹنگ کی ہے۔ ان کے قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج ہاؤز میں قیام کریں گے جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین رپورٹنگ کے بعد واپس ہوسکتے ہیں اور قافلہ کی روانگی سے 4 گھنٹے قبل وہ حج ہاؤز پہنچ جائیں گے۔ پہلی مرتبہ ایر انڈیا حیدرآباد سے عازمین حج کیلئے خدمات فراہم کررہا ہے اور ایرلائینس نے حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ اس کی تمام پروازیں مقررہ وقت پر چلائی جائیں گی۔ ہر فلائیٹ میں 340 عازمین حج کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 2 ستمبر کو پہلی فلائیٹ صبح 6 بجکر 10 منٹ پر حیدرآباد جدہ کیلئے روانہ ہوگی، جس میں 340 عازمین حج ہوں گے۔ پہلی فلائیٹ میں حیدرآباد اور تلنگانہ کے عازمین کی اکثریت ہے۔ حیدرآباد کے 199 ، عادل آباد 54 ، کریم نگر 23 ، کھمم 4 ، محبوب نگر 15 ، میدک 11 ، نلگنڈہ 6 ، نظام آباد 7 ، رنگا ریڈی 9 ، ورنگل 10 اور کرناٹک کے 2 عازمین پہلی فلائیٹ میں روانہ ہوں گے۔ دوسری فلائیٹ صبح 9 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوگی جبکہ تیسری فلائیٹ رات 11 بجکر 10 منٹ پر اڑان بھرے گی۔ دوسری فلائیٹ میں 342 اور تیسری فلائیٹ 344 عازمین کی روانگی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ 4 ستمبر تک تلنگانہ کے عازمین روانہ ہوں گے جبکہ 5 ستمبر سے آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ پہلے اور دوسرے قافلہ کی روانگی کے موقع پر توقع ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور تلنگانہ حکومت کے عہدیدار اور عوامی نمائندے موجود رہیں گے  جبکہ تیسرے قافلہ کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وداع کریں گے۔ حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اور ڈاکٹروں کی ٹیم کو 24 گھنٹے تیار رکھا گیا ہے۔ محکمہ برقی ، آر ٹی سی ، پولیس، ٹریفک پولیس، ایر انڈیا ، کسٹمس، امیگریشن اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے حج ہاؤز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ عازمین حج کی رہنمائی اور تعاون کیلئے 200 سے زائد والینٹرس موجود رہیں گے۔ حج کمیٹی نے مختلف خانگی اداروں و تنظیموں کو والینٹر پاس جاری کئے ہیں۔ گزشتہ سال حج ہاؤز کے باہر برقی شاک سے چار افراد کی ہلاکت کے واقعہ کے پیش نظر اس سال بیرونی حصہ میں اسٹالس کے قیام کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔