حاتم سے بڑا رُتبہ

بیان کیا جاتا ہے کہ کسی نے مشہور سخی حاتم طائی سے سوال کیا کہ آپ نے دنیا میں کسی کو اپنے آپ سے بھی زیادہ سخی پایا؟ حاتم نے جواب دیا:  ’’ہاں! ایک لکڑ ہارے کو۔ ہوا یوں کہ ایک مرتبہ میں نے اپنے مہمانوں کی ضیافت کیلئے 40 اونٹ ذبح کئے، دعوت عام تھی۔
ہر شخص کو آنے کی اجازت تھی، جو آتا پیٹ بھر کر کھانا کھاتا۔ اس دن میں کسی ضرورت سے جنگل گیا تو وہاں ایک لکڑہارے کو دیکھا جو لکڑیاں اکٹھی کررہا تھا۔ میں نے ان سے کہا کہ تو آج یہ کام کیوں کررہا ہے۔ حاتم کے گھر کیوں نہیں جاتا؟ وہاں تجھ کو بہترین کھانا ملے گا‘‘۔ اس لکڑ ہارے نے میری یہ بات سنی تو بے پروائی سے بولا: ’’جو شخص محنت سے اپنی خوراک حاصل کرسکتا ہے، وہ حاتم طائی کا احسان کیوں اٹھائے‘‘۔ یہ بات سناکر حاتم بولا: ’’پس میں نے اس لکڑ ہارے کو اپنے سے زیادہ ہمت والا اور سخی پایا‘‘۔