جیش محمد سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں:عمران خان

اسلام آباد۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پھر کہا ہے کہ ان کے ملک کا جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نئے پاکستان میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ برطانیہ کے اخبار فائنانشل ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں مسٹر عمران خان نے کہا کہ”ان (دہشت گردوں) کو ختم کرنے کے لئے ہم پہلے ہی سے قدم اٹھا رہے ہیں۔ ہم نے ان کا پورا ڈھانچہ پہلے ہی ختم کر دیا ہے “۔ انہوں نے کہا کہ ” پاکستان میں اب جو ہو رہا ہے وہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا”۔ ہندوستان میں جموں و کشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری کو سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک قافلے پر فدائین حملہ ہوا تھا جس میں 40 سے زائد جوان شہید ہو گئے تھے ۔ ہندوستان نے پلوامہ حملے کے لئے جیش محمد کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ پلوامہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج کے پاکستان کے بالاکوٹ میں فضائی حملے پر مسٹر عمران خان نے کہا تھا کہ ہندوستان انتخابات سے پہلے “جنگ کی گرفت” میں جکڑ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “انتخابات سے پہلے مجھے اب بھی خدشہ ہے ، میں مانتا ہوں کہ کچھ بھی واقع ہو سکتا ہے “۔
پاکستان میں پروازوں کیلئے فضائی حدود برخاست
اسلام آباد۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کیلئے 28 دنوں سے بند فضائی حدود کو آج کھول دیا۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے جزوی طور پر پروازیں شروع کر دی گئیں۔اب بین الاقوامی اور گھریلو روٹ پر تمام ہوائی اڈوں سے پروازوں کو شیڈول کے مطابق دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے 27 فروری کو حفاظتی نقطہ نظر سے تمام گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپنی فضائی حدود بند کرنے کے بعد پروازوں کے آپریشن کو معطل کر دیا تھا۔ سیول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس جاری کر کے اس کی اطلاع تمام مسافروں کو دے دی تھی۔ مسافروں کیلئے ایک تازہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہوائی اڈوں سے پروازوں کا آپریشن اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے ، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے شیڈول کے مطابق دستیاب رہے گا۔ تاہم، فی الحال بینکاک، کوالالمپور اور نئی دہلی کیلئے سکیورٹی وجوہات سے پروازیں نہیں چلیں گی۔