جھوٹے وعدے نہیں‘ مسائل کی یکسوئی مقصد : راہول

کننور (کیرالا) ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وائیناڈ کے عوام تک رسائی حاصل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے وعدے کرنا نہیں چاہتے بلکہ عوام کے مسائل کی پوری سنجیدگی کے ساتھ سماعت کے بعد ان کی شکایات کی یکسوئی کے پابند عہد ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ وہ یہاں ’من کی بات‘ کرنے نہیں آئے ہیں بلکہ مشکلات کو سمجھنے آئے ہیں جن میں رات کے اوقات میں سفر پر پابندی، انسان و جانور کی لڑائیاں اور طبی سہولتوں کے فقدان جیسے مسائل شامل ہیں جن کا یہاں کے لوگوں کو سامنا ہے۔ راہول نے ہزاروں کی تعداد میں جمع ہجوم کے پرجوش نعروں کے درمیان کہاکہ میں وزیراعظم جیسا نہیں ہوں۔ میں یہاں آپ سے یہ کہنے نہیں آیا کہ آپ کو دو کروڑ نوکریاں دونگا۔ 15 لاکھ روپئے بینک کھاتوں میں جمع کراؤں گا۔ میں جو کچھ بھی ممکن ہو کسانوں کو دونگا اور میں آپ سے جھوٹ بولنے نہیں آیا ہوں کیونکہ مجھے آپ کی سمجھ بوجھ اور دانشمندی کا اندازہ ہے اور میں اس کا احترام کرتا ہوں۔ صدر کانگریس نے کیرالا میں سلتن بیتری کے مقام پر بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے ملک کو تقسیم کردیا ہے اور اسے اپنے آپ سے لڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ راہول نے کہا کہ بڑھتی بیروزگاری اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات کے درمیان مودی حکومت نے انیل امبانی کو رافیل معاملت کے حصہ کے طور پر 30,000 کروڑ روپئے دلائے۔ مودی نے حکومت نے زرعی نظام کو نقصان پہنچایا اور اسے نازک صورتحال میں لا کھڑا کیا ہے۔