جن لوگوں نے ملک کو لوٹا وہی ڈکیتی کی سوچتے ہیں: مودی

گجرات انتخابات کے لیے مہم ، یکساں جی ایس ٹی شرح کے لیے راہول گاندھی کا مطالبہ احمقانہ سوچ
موربی (گجرات) 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر شدید تنقید کرتے ہوئے جنہوں نے جی ایس ٹی کو ’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘ قرار دیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا تھا صرف وہی لوگ ڈکیتی کے بارے میں سوچتے ہیں۔ اپنے آبائی ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی مہم کا احیاء کرتے ہوئے نریندر مودی نے کانگریس پ یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ چھوٹے چھوٹے اسکیمات جیسے ہینڈپمپ کی فراہمی پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور اس کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کی حکمرانی سے ریاست کے اندر بہت بڑی تبدیلی آئی سے یہاں کئی بڑے پراجیکٹس جیسے نرمدا پراجیکٹ کو پورا کیا گیا ہے جن سے عوام کو فائدہ ہی فائدہ ہوگا۔ 9 ڈسمبر کی اسمبلی انتخابات کے لیے مقررہ رائے دہی کے پہلے مرحلہ میں شوراشٹرا کے علاقہ موربی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے وہی ڈکیتی کی سوچتے ہیں۔ راہول گاندھی نے قبل ازیں گڈس اینڈ سرویس ٹیکس کو گبر سنگھ ٹیکس سے تعبیر کیا تھا اور ان کا یہ اشارہ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم شعلے میں منفرد رول کی جانب تھا۔ جی ایس ٹی پر راہول گاندھی کی باربار کی جانے والی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستان ایک طاقتور معاشی ملک بن کر ابھرا ہے۔ اس پر جی ایس ٹی کو 18 فیصد تک محدود رکھنے کا مطالبہ کرکے بچکانہ باتیں کی جارہی ہیں۔ گجرات میں بی جے پی دو دہوں سے حکومت کررہی ہے۔ مودی نے ریاست میں انجام دیئے جانے والے پرجیکٹس اور ترقیاتی کاموں کی ایک طویل فہرست پیش کی۔

انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں۔ اس پاٹیدار طبقہ کے مضبوط گڑھ موربی حلقہ میں مودی نے کہا کہ ان کی پارٹی کو 100 سال کے لیے ووٹ دینا نہیں چاہتے لیکن آج بعض ہوشیار لوگ چند نئے ماہرین معاشیات ابھر رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنی گجراتی میں کی گئی تقریر میں راہول گاندھی کو نشانہ بنایاؤ جی ایس ٹی شرحوں کو یکساں کرنے کا مطالبہ کنے والوں کو جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ سگریٹس کو سستا کرنے کا مطالبہ ہر گھر میں کینسر لانا ہے اور انہوں نے سوال کیا کہ کس دولتمند تاجر نے اپوزیشن لیڈر کو شراب سستی کرتے ہوئے فائدہ پہنوچانے کی خواہش کی ہے۔ مودی نے اپنی تقریر میں راہول گاندھی کی دادی اندرا گاندھی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ 1979ء میں موربی میں سیلاب سے تباہی ہوئی تھی اور اس تباہی کے بعد آر ایس ایس، جن سنگھ کے ورکرس نے ایک ماہ تک دن رات محنت کی تھی۔ جبکہ اندرا گاندھی اس وقت ملک کی وزیراعظم تھیں۔ انوہں نے اس علاقہ کا دورہ کیا تو مقامی میگزین نے ان کی تصویر شائع کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی ناک پر رومال رکھا تھا اور وہ بدبو سے خود کو بچانے کی کوشش کررہی تھیں۔ جبکہ دوسری تصویر میں بتایا گیا تھا آر ایس ایس کے ورکرس اپنے کندھوں پر نعشیں اٹھارہے ہیں۔ جن لوگوں نے ہماری مشکل وقت میں مدد کی ہے آج انہیں یاد کرنا چاہیے۔