’جنگی جنون کو ہوا دے کر انتخابات میں کامیابی کی کوشش ناکام ہوگئی‘

بی جے پی حکومت کے بارے میں عمران خان کا تبصرہ

اسلام آباد ۔ 6 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ میں F-16 طیارہ گرانے کے ہندوستانی دعویٰ کی نفی سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے اور صداقت ہی بہترین پالیسی ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی دفاعی حکام نے تصدیق کی کہ پاکستانی بیڑے میں سے ایک بھی F-16 طیارہ کم نہیں ہوا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس رپورٹ سے ہندوستان کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے۔رواں ماہ ہندوستان میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر ہند۔پاک کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنگی جنون کو ہوا دے کر بھاتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔خیال رہے کہ امریکی جریدے فارن پالیسی نے گزشتہ روز ہندوستان میں ہونے والے انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل اپنی رپورٹ میں ہندوستانی دعوے کی قلعی کھول دی تھی۔ امریکی رپورٹ کے مطابق ’’دونوں جوہری ممالک کے درمیان فروری میں ہونے والی ایک فضائی جھڑپ کے بارے میں ہندوستان کا یہ دعویٰ کہ اس کے جنگی پائلٹ نے پاکستان لڑاکا طیارے F-16 کو مار گرایا غلط ثابت ہوا‘‘۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس صورتحال کے حوالے سے باخبر امریکی عہدیداروں نے ’فارن پالیسی‘ کو بتایا کہ ’’حال ہی میں امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے تمام F-16 طیاروں کی گنتی کی جس میں معلوم ہوا کہ تمام طیارے موجود ہیں‘‘۔یہ بھی کہا گیا تھا کہ امریکی حکام نے پاکستانی سرزمین پر جا کر گنتی کی، جس کے نتیجے میں اس جھڑپ سے متعلق ہندوستانی موقف غلط ثابت ہوا، اور یہ بات سامنے آئی کہ ہندوستان نے اس دن کے واقعے کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔دوسری جانب امریکی جریدے کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’’تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں، سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے لیے وقت ہے کہ وہ اپنے جھوٹے دعوے پر سچ بولے اور اپنے حقیقی نقصان کے بارے میں بتائے جس میں دوسرا طیارہ بھی شامل ہے جو پاکستان نے مار گرایا تھا۔بعدازاں ایک ٹوئٹ میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ہندوستان کے گرائے گئے مگ 21 کے چاروں میزائل کا ملبہ حاصل کر لیا گیا جو ہندوستانی جھوٹ کا ثبوت ہے جبکہ چاروں میزائل درست حالت میں ہیں۔