جموں و کشمیر : کشیدگی کی خبروں کے درمیان گورنر ستیہ پال ملک نے پیش کی وضاحت ، لوگوں سے کی یہ اپیل

جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں ۔ ملک نے اتوار کو کہا کہ کرفیو اور دیگر کارروائیوں کو لے کر افواہوں پر یقین نہ کریں ۔ سیکورٹی فورسیز سیکورٹی سے وابستہ کارروائیاں کرہی ہیں ، لیکن یہ پوری طرح سے پلوامہ حملہ سے متعلق ہیں جو غیر متوقع تھا ۔

گورنر نے اسٹیٹ ایڈمنسٹریٹو کاونسل کی میٹنگ کی سربراہی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروپ ہمارے ملک اور اس کے جمہوری عمل میں خلل ڈالنے کیلئے اب بھی سرگرم ہیں ، اس لئے سیکورٹی فورسیز کی کارروائی اس کے اثر کو ختم کرنے کیلئے ہے ۔

گورنر نے ریاست کے موجودہ حالات ، خاص طور پر 14 فروری کو پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ اور اس کے بعد کے واقعات کا جائزہ لینے کیلئے میٹنگ بلائی تھی ۔ میٹنگ میں ملک کو کچھ دنوں پہلے جموں شہر سے کرفیو ہٹانے کے بعد موجودہ سیکورٹی حالات اور عام حالات پٹری پر لانے سے متعلق معلومات فراہم کرائی گئی ۔