جموں و کشمیر میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت

جموں 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مفتی محمد سعید کی زیرقیادت بی جے پی اور پی ڈی پی حکومت کی کل تقریب حلف برداری کے پیش نظر شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی شریک ہونگے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر اوتم چند نے بتایا کہ تقریب حلف برداری اور وزیراعظم کے دورہ کے پیش نظر جموں شہر اور قرب و جوار میں وسیع اور مؤثر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تقریب حلف برداری جموں یونیورسٹی کے جنرل زوراور سنگھ آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ تقریب گاہ کے علاقہ میں عوام کے داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ میٹل ڈیٹکٹر اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ چپہ چپہ کی تلاشی لی جارہی ہے۔ جبکہ اسپیشل پروٹیکشن ٹیم نے بھی اپنے مورچے سنبھال لئے ہیں۔ دریں اثناء چیف سکریٹری کی زیرصدارت ایک اجلاس میں تقریب حلف برداری کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کی موجودگی میں 79 سالہ مفتی محمد سعید پی ڈی پی اور بی جے پی کے 12 ارکان کے ساتھ چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ توقع ہے کہ نرمل سنگھ کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا جائے گا۔

کانگریس اور نیشنل کانگریس غیر حاضر رہیں گے
جموں ۔ 28 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس اور نیشنل کانفرنس امکان ہے کہ کل جموں و کشمیر میں مفتی محمد سعید زیر قیادت پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے ۔ سینئیر کانگریس لیڈر نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ہم کل تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے ۔ سی پی آئی ۔ ایم کے واحد رکن اسمبلی محمد یوسف تریگامی کی بھی شرکت کا امکان نہیں ہے ۔۔