جعلی تعلیمی سرٹیفکٹس کا ریاکٹ بے نقاب، ایک شخص گرفتار

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) جعلی تعلیمی سرٹیفکٹس تیار کرنے اور اُس کی فروخت میں ملوث کنسلٹنٹ کو ویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے سینکڑوں سرٹیفکٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 31 سالہ کے ونود کمار جو اسینڈرس کنسلٹنگ سرویسس کے نام سے ایک ادارہ چلاتا تھا، بی ٹیک کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بے روزگاری سے پریشان ہوکر سال 2010 ء میں اُس نے کنسلٹنسی قائم کی اور گزشتہ ایک سال سے وہ کرمن گھاٹ کے ساکن 30 سالہ نریندر کی مدد سے مختلف یونیورسٹیز کے جعلی تعلیمی سرٹیفکٹس تیار کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی ٹیک سرٹیفکٹ کے خواہشمند نوجوانوں کی تلاش کرنے کے بعد نریندر بذریعہ واٹس اپ ونود کمار کو تفصیلات فراہم کیا کرتا تھا جس کی مدد سے فرضی تعلیمی سرٹیفکٹس تیار کئے جاتے تھے اور فی سرٹیفکٹ 80 ہزار تا ایک لاکھ روپئے فروخت کرتے تھے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے اب تک جواہرلال نہرو ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے 20 تا 25 سرٹیفکٹس مختلف نوجوانوں کو فروخت کئے۔ ٹاسک فورس نے اِس ادارہ پر دھاوا کرتے ہوئے فرضی سرٹیفکٹس کے علاوہ جے این ٹی یو کے ہولو گرام، لیاپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔