جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد

کوئٹہ ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس پاکستان، جسٹس میاں ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ پاکستان کی کسی بھی عدالتِ عالیہ کی پہلی خاتون چیف جج ہوں گی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے لاہور میں پیر کو عدالت عالیہ لاہور کی ریٹائرڈ جج فخر النساء کھوکھر کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں جسٹس طاہر ہ صفدر کو اس عہدے کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان سے حال ہی میں جسٹس فخر النساء کھوکھر نے یہ شکوہ کیا تھا کہ ان سے خاتون ہونے کے ناطے ناانصافی کی گئی تھی اور انھیں سینیر ہونے کے باوجود عدالت عالیہ لاہور کی چیف جسٹس مقرر نہیں کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا :آج میں اس غلطی کا ازالہ کرنے کی کوشش کررہا ہوں کیونکہ یہ کسی ایک فرد سے نہیں بلکہ تمام خواتین سے ناانصافی کی گئی تھی اور میں اس کے ازالے کے طور پر جسٹس طاہرہ صفدر کو پاکستان کی کسی ہائی کورٹ کی پہلی چیف جسٹس نامزد کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمد نو ر مسکان زئی کی 31 اگست کو ریٹائرمنٹ پر اپنا نیا عہدہ سنبھالیں گی۔جسٹس طاہرہ صفدر 5 اکتوبر 1957ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ صوبے کے معروف وکیل سید امتیاز حسین باقری حنفی کی بیٹی ہیں۔وہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان کے ذریعے 1982ء میں سیول جج منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔