جرمنی میں اردغان کے حامیوں کی زبردست ریالی

کولون (جرمنی) ۔ /31 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کے شہر کولون میں صدر ترکی رجب طیب اردغان کے ہزاروں حامیوں نے زبردست ریالی منظم کی اور ان کی تائید کا مظاہرہ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یوروپین ۔ ترکش ڈیموکریٹس کی موافق اردغان یونین کے بشمول دیگر کئی گروپس کے تقریباً 20 ہزار افراد اس ریالی میں شریک تھے ۔ وہ ترکی کے پرچم لہرارہے تھے اور اس موقع پر انہوں نے ترکی و جرمنی کے قومی ترانے پڑھے ۔ اس کے علاوہ /15 جولائی کی ناکام بغاوت کے ساتھ ساتھ پیرس اور میونخ میں حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراج پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی منائی ۔ اس ریالی میں فن لینڈ ، برطانیہ اور آسٹریا سے بھی کئی افراد کی شرکت متوقع تھی ۔ جرمنی میں ترکی تارکین وطن کی سب سے زیادہ تعداد پائی جاتی ہے ۔ اس دوران ترکی نے کولون ریالی سے رجب طیب اردغان کے ویڈیو رابطے کے ذریعہ خطاب پر امتناع کے جرمن عدالت فیصلے کی مذمت کی ۔ صدر کے ترجمان ابراہیم خلین نے کہا کہ امتناع ناقابل قبول ہے ۔