جدہ میں 800 ہندوستانی ورکرس روزگار سے محروم، فاقہ کشی پر مجبور

ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے غذا کا انتظام، وی کے سنگھ دورہ کریں گے
نئی دہلی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے تقریباً 800 ورکرس روزگار سے محروم ہونے کے بعد سعودی عرب کے شہر جدہ میں گزشتہ تین دن سے فاقہ پر مجبور ہیں۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ وی کے سنگھ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے کہاکہ سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان تمام ورکرس کے کھانے کا انتظام کیا جائے۔ سشما سوراج ہر ایک گھنٹہ سے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ان کا یہ ردعمل اُس وقت سامنے آیا جب ایک شخص نے ٹوئٹ کیاکہ تقریباً 800 ہندوستانی ورکرس تین دن سے جدہ میں فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ اس نے وزیر خارجہ سے مداخلت کی خواہش کی۔ سشما سوراج نے ٹوئٹ کیاکہ ریاض میں سعودی سفارت خانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ سعودی عرب میں بے روزگار ہندوستانی ورکرس کے لئے غذا کا انتظام کریں۔ انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور کویت میں ہندوستانی شہریوں کو ان کے کام اور اُجرت کے تعلق سے کئی مسائل کا سامنا ہے۔ اس معاملہ میں سعودی عرب میں حالات اور بھی زیادہ ابتر ہیں۔ انھوں نے کہاکہ میرے ساتھی وی کے سنگھ سعودی عرب کا دورہ کرکے اس معاملہ کی یکسوئی کریں گے اور ایم جے اکبر کویت و سعودی حکام سے بات کریں گے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب میں کوئی بھی بے روزگار ہندوستانی ورکر بھوکا نہیں رہے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور کویت میں کئی ہندوستانی شہری روزگار سے محروم ہوگئے ہیں کیوں کہ ان کے آجرین نے تنخواہیں ادا نہیں کیں اور اپنی فیکٹریاں بند کردی ہیں۔ بعدازاں سشما سوراج نے ہندوستانی ورکرس کو فراہم کئے جارہے غذا کی تصاویر پوسٹ کیں۔