جبلپور ۔ نظام الدین ٹرین کی 8 بوگیاں پٹری سے اترگئیں

یو پی کے مہوبہ ضلع میں مہا کوشل ایکسپریس حادثہ کا شکار۔ 52 افراد زخمی ۔ یو پی حکومت کی جانب سے امداد کا اعلان

باندہ ( اترپردیش ) 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جبلپور ۔ نظام الدین مہا کوشل ایکسپریس کی آٹھ بوگیاں آج صبح کی اولین ساعتوں میں مہوبہ ضلع میں پٹریوں سے اترگئیں جس کے نتیجہ میں کم از کم 52 مسافرین زخمی ہوگئے ۔ 10 مسافرین شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ ریلوے نے اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ حادثہ کے نتیجہ میں پٹریاں 400 میٹر تک متاثر ہوگئیں۔ اس حادثہ کی وجہ سے اس روٹ پر تمام ریل ٹریفک متاثر ہوکر رہ گئی ہے جبکہ 14 ٹرین خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ ریلوے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ لکھنو میں اے ڈی جی ( لا اینڈ آرڈر ) دلجیت چودھری نے کہا کہ حادثہ رات 2.20 بجے ہوا جب ٹرین کی آٹھ بوگیاں پٹریوں سے اتر فگئیں ۔ اس حادثہ میں 52 افراد زخمی ہوگئے ۔ دو افراد کو شدید زخم آئے ہیں اور انہیں فریکچر بھی ہوگئے ہیں۔ انہیں جھانسی کے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ اے ڈی جی نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارچ کردیا گیا ہے جبکہ کچھ افراد کو مقامی دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولنس اور ڈاکٹرس کی ٹیموں کو مقام حادثہ پر روانہ کردیا گیا ہے اور وہاں راحت اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دلجیت چودھری نے کہا کہ بادی النظر میں اس حادثہ میں کوئی شب و شبہ دکھائی نہیں دے رہا ہے لیکن چونکہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اس لئے اس کی تمام پہلووں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ریلوے عہدیداروں اور اے ٹی ایس و این ڈی آر ایف کی ٹیمیں مقام واقعہ پر پہونچ گئی ہیں اور حادثہ کی وجہ کا پتہ چلانے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔ ایس پی ( مہوبہ ) گورو سنگھ نے کہا کہ یہ واقعہ مہوبہ اور کلپہاڑ ریلوے اسٹینشوں کے درمیان سونپا گاوں کے قریب پہش آیا ۔ اترپردیش کے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ جائے حادثہ پر پہونچ گئے ہیں اور انہوں نے شدید زخمیوں کیلئے فی کس 50 ہزار روپئے اور معمولی زخمیوں کیلئے 25 ہزار روپئے امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔

ریلوے بورڈ ممبر ( ٹریفک ) محمد جمشید نے دہلی میں بتایا کہ ٹرین کے پٹریوں سے اترنے کے وقاعہ کی تحقیقات ایک سینئر ریلوے عہدیدار سے کروائی جار ہی ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا یہ حادثہ سبوتاج کا نتیجہ تو نہیں ہے یا پھر کوئی خرابی کا نتیجہ ہے انہوںن ے کہا کہ جب تک تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں آجاتی اس وقت تک کسی بھی امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ حالیہ عرصہ میں پیش آئے کچھ سکیوریٹی سے متعلق معاملات کے تعلق سے اے ڈی جی نے کہا کہ تحقیقات سے صاف ہوگیا ہے کہ حالیہ واقعات میں کوئی دہشت گردی کا پہلو سامنے نہیں آیا ہے لیکن تمام معاملات کی ماہرین کے ساتھ جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج حادثہ کا شکار ہونے والی تمام بوگیاں روایتی طرح کی تھیں اور انہیں انٹیگرل کوچ فیکٹری ( چینائی ) میں تیار کیا گیا تھا ۔ حالاکہ کچھ کوچس ایک دوسرے سے ٹکرائے لیکن یہ ایک دوسرے کے اوپر نہیں چڑھے جیسا کہ اسطرح کے حادثات میں ہوتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ نقصان کم سے کم ہوا ہے ۔ یہ ٹرین حادثہ کے مقام سے صبح 6.48 بجے روانہ ہوگئی ۔ ریلویز کی جانب سے تقریبا 200 مسافرین کو منتقل کرنے کیلئے 15 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے جو متاثرہ بوگیوں میں سفر کر رہے تھے ۔ اس روٹ پر مختلف اسٹینشوں پر کم از کم 17 ہیلپ لائینس قائم کی گئی ہیں تاکہ مسافرین کے رشتہ داروں کو ان کی خیریت دریافت کرنے میں سہولت ہوسکے ۔ اس کے علاوہ ریلویز کی جانب سے حادثہ کے مقام پر مسافرین کیلئے کیٹرنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس حادثہ کی وجہ سے کم از کم 14 ٹرینوں کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں سات ٹرینوں کا رخ بدل دیا گیا اور سات کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب آج نصف شب تک متاثرہ پٹریوں کی مرمت کی جائیگی کیونکہ کچھ حصے کو بدلنا ضروری ہوگیا ہے ۔ مرمت کے بعد اس روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی جائیگی ۔