تیل کی پیداوار میں اضافہ سے شاہ سلمان کا اتفاق : ٹرمپ

واشنگٹن ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے تیل کی پیداوار میں اضافہ سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ٹرمپ نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’سعودی عرب کے شاہ سلمان سے ابھی ابھی بات کیا ہوں اور انہیں بتایا ہوں کہ ایران اور ونیزویلا غیرکارکرد اور بحران زدہ ہونے کے سبب سعودی عرب سے میں کہہ رہاہوں کہ تیل کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے ۔ ممکن ہے کہ 20,00,000 بیارل ، تاکہ دستیابی اور طلب میں جاری فرق کو گھٹایا جاسکے ‘‘ ۔ ٹرمپ نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’(خام تیل کی) قیمتیں بہت زیادہ ہوگئی ہیں ۔ انہوں (شاہ سلمان) نے (تیل کی پیداوار میں اضافے سے) اتفاق کرلیا ہے ‘‘۔

ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی
30 جون کو امریکہ بھر میں احتجاج
واشنگٹن۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں آج 30 جون کو غیرقانونی مہاجرین سے بچوں کو جدا کرنے کے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام اور مہاجرت کی پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ یہ مظاہرے امریکہ کے تقریباً سبھی بڑے شہروں میں کیے جائیں گے۔ ان مظاہروں کا انتظام سول آزادی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کیا ہے۔ منتظمین کے مطابق 30 جون کو تقریباً چھ سو احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ امریکہ میں امیگریشن کی وکالت کرنے والے گروپوں نے ان مظاہروں کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔

پرتگالی صدر کا “انوکھا” مصافحہ ، ٹرمپ اپنا توازن کھو بیٹھے
واشنگٹن ۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ مصافحے کے دوران اپنی بھرپور گرفت کے سبب معروف ہیں جو اُن کے مہمانوں کے ہاتھوں پر ’’میڈیائی‘‘ اور ’’جسمانی‘‘ اثرات چھوڑ جاتی ہے۔ تاہم جمعرات کے روز وہائٹ ہاؤس کے بیرونی دروازے پر پرتگال کے صدر کے استقبال کے موقع پر مارسیلو ڈی سوزا کی گرفت نے خود ٹرمپ کو حیران کر ڈالا۔اس مرتبہ ڈی سوزا نے پہل کرتے ہوئے مصافحے کے دوران ٹرمپ کا ہاتھ اتنی طاقت سے پکڑا کہ امریکی صدر ایک لمحے کیلئے اپنا توازن ہی کھو بیٹھے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بتایا گیا کہ وہائٹ ہاؤس کے آگے اپنی گاڑی سے اُتر کر پرتگالی صدر نے کس طرح ٹرمپ کا ہاتھا اُچکا۔ اس غیر متوقع تصرّف نے امریکی صدر کو حیران کر دیا اور اُن کے منہ سے بے ساختہ “Whoa!” کے الفاظ نکل آئے۔