تھانے میں بس کھائی میں گر پڑی، 35 ہلاک

تھانے ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں آج ایک بس ٹرک سے ٹکرا کر گہری کھائی میں گر پڑی جس کے نتیجہ میں 35 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس بس میں جملہ 38 مسافرین سوار تھے اور یہ تھانے سے احمدنگر جارہی تھی کہ توکاواڑے کے قریب 400 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ ڈیزاسٹر کنٹرول مینجمنٹ روم کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کو 10.30 بجے صبح یہ اطلاع ملی، جس کے ساتھ ہی پولیس، میڈیکل عملہ اور راحت کاری کارکنوں پر مشتمل ٹیم مقام حادثہ روانہ کی گئی۔

مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کے جنرل منیجر (ٹریفک) سوریاکانت امباودیکر نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹرک مہاراشٹرا آر ٹی سی بس سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے یہ بس کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں اور زخمی کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ مالشیج گھاٹ مشہور تفریحی مرکز ہے جو اضلاع تھانے اور احمدنگر کی سرحد پر واقع پہاڑی علاقہ ہے۔ اس دوران حکومت مہاراشٹرا نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس دو لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ یہ معاوضہ دیا جائے گا۔ نہوں نے زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی صدرنشین جیون گور نے کارپوریشن کی طرف سے مہلوکین کے ارکان خاندان کو فی کس 3 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ اس قدر خطرناک تھا کہ راحت کاری ٹیموں کو نعشیں نکالنے میں کافی مشکل پیش آئی اور حادثہ کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہیکہ بس گرنے کے بعد ملبہ میں تبدیل ہوگئی۔