تھانے میں بارش سے عمارت منہدم ، 9 مسلمان زندہ دفن

22 افراد زخمی ،بھیونڈی میں کئی مقامات پر تباہی ، راحت اقدامات جاری
تھانے ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بھیونڈی میں شدید بارش سے ایک رہائشی عمارت منہدم ہوگئی جس میں چار بچے اور تین خواتین سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے اور دیگر 22 زخمی بتائے گئے ہیں ۔ آج صبح شدید بارش کے بعد یہ عمارت ملبہ میں تبدیل ہوگئی ۔ اس دو منزلہ عمارت میں 7 تا 8 خاندان مقیم تھے ۔ بھیونڈی کے شانتی نگر پولیس اسٹیشن حدود میں واقع گائیبی نگر میں صبح 9 بجکر 30 منٹ کے قریب عمارت گرگئی ۔ بھیونڈی کے تحصیلدار ویشالی لایٹے نے یہ بات بتائی ۔ مرنے والوں میں ایک خاتون اور اس کے چار بچے شامل ہیں ۔ ابتداء میں اس واقعہ میں پانچ افراد ہلاک ہوئے لیکن بعد ازاں ملبہ کی صفائی کے دوران مزید نعشیں برآمد ہوئیں ۔ تھانے کی نگرانکار وزیر ایکناتھ شنڈے نے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن آفس میں ایمرجنسی اجلاس طلب کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ کلکٹر نے بھی اس علاقہ کا دورہ کرکے راحت اور بچاؤ کاری کاموں کا جائزہ لیا ۔ لیکن شدید بارش کی وجہ سے راحت کاموں کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی ۔ اس عمارت میں مقیم مسلم خاندان کے 9 افراد زندہ دفن ہوگئے ۔

 

ان کے نام شاہ جہاں خورشید عالم انصاری 42 سالہ ان کے چار بچے مدثر خورشید عالم انصاری 20 سال ، سیف خورشید عالم انصاری (17) سال ، خالد خورشید عالم انصاری 15 سال اور شکیب خورشید عالم انصاری 11 سال کے علاوہ عائشہ مبین انصاری 38 سال ، صوفیا شاہ نواز شاہ 19 اور ایم اعجاز شاہ 10 سال شامل ہیں ، ایک مہلوک کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ زخمیوں کو تھانے سیول ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ تحصیلدار نے کہا کہ ایک زخمی کا بھیونڈی کے دواخانہ میں علاج کیا جارہا ہے ۔ یہ پتہ چلانا باقی ہے کہ آیا یہ عمارت حکام کی تیار کردہ خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کی فہرست میں شامل تھی یا نہیں ۔ آج صبح سے یہاں شدید بارش کی وجہ سے سارا علاقہ تالاب بن گیا ۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں سے داخل ہوا ۔ شہر تھانے اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں بارش کا پانی چاروں طرف دیکھا جارہا ہے ۔ تھانے میونسپل کمشنر سنجیو جیسوال نے عمارت کے انہدام کے مقام کا دورہ اور معائنہ کرنے کے بعد شہریوں کو وارننگ جاری کی کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ضروری کام ہو تو ہی نکلا جائے ۔