تم نے تو نہیں مارا

جنگل میں ایک شیر رہتا تھا ، اس کے گھر سے تھوڑی ہی دور ایک لومڑی بھی رہتی تھی ۔ دونوں میں گہری دوستی تھی ، اس شیر نے جنگل کے جانوروں کا شکار کرنا چھوڑ دیا تھا ، وہ خود بھی سبزی کھانا اور دوسرے جانوروں کو بھی شکار کرنے سے منع کرتا ۔ لومڑی روز شیر کو کھانا لا کردیتی اور شیر لومڑی کو جانوروں سے بچاتا ۔ ایک دن شیر اور لومڑی ساتھ ساتھ گھوم رہے تھے کہ انہوں نے ایک بڑا ساکنواں دیکھا ۔
کنویں میں ایک ہرن مرا ہوتا تھا ۔ شیر نے لومڑی سے کہا جنگل کے سارے جانوروں کو اکٹھا کرو ۔ لومڑی نے جنگل کے تمام جانوروں کو اکٹھا کر لیا ۔ شیر نے جنگل کے جانوروں کو مرے ہوئے ہرن کے بارے میں بتایا ۔ جانوروں نے کہا کہ کیا ہم اسے دیکھ سکتے ہیں ۔ شیر نے کہا ٹھیک ہے ، سارے جانوروں نے ہرن کو دیکھ لیا ۔ اب شیر نے جانوروں سے پوچھا کہ کس نے مارا ہے اسے ؟ کسی نے جواب نہیں دیا ، پھر شیر نے لومڑی سے پوچھا ، کہیں تم نے تو نہیں مارا اسے ؟ لومڑی نے کہا شیر بھائی آپ مجھ پر شک کررہے ہو ؟ شیر سمجھ گیا کہ اسے لومڑی نے مارا ہے، پھر لومڑی نے سوچا کہ اس سے پہلے کہ حقیقت سب کو پتہ چل جائے ، میں چپ چاپ یہاں سے نکل بھاگتی ہوں ۔ لومڑی جیسے ہی جانے لگی شیر نے دیکھ لیا کہ لومڑی بھاگ رہی ہے ، جانور اس کے پیچھے گئے ، جب لومڑی کو پکڑ کرلایا گیا تو لومڑی نے شیر سے کہا کہ مجھے معاف کردو ، شیر نے کہا کہ تم مجھ سے دوستی کر کے جنگل میں غلط کام کررہی ہو، تاکہ تمہیں کوئی تنگ نہ کرے ۔ شیر نے لومڑی کو اسی وقت جنگل سے نکل جانے کا حکم دیا اور سارے جانوروں سے دوستی کرلی ۔