تلنگانہ کے 10اور آندھرا کے 8خادم الحجاج کا انتخاب

دیانتداری کے ساتھ عازمین کی خدمات کا مشورہ ، شکایات پر سخت کارروائی :سید عمر جلیل
حیدرآباد۔ 30 ۔ مارچ ( سیاست نیوز)  حج 2016 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے خادم الحجاج کا انتخاب آج قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج ہاؤز میں قرعہ اندازی کے ذریعہ تلنگانہ کے 10 اور آندھراپردیش کے 8 خادم الحجاج کا انتخاب کیا۔ منتخب کئے گئے خادم الحجاج کے علاوہ دونوں ریاستوں سے حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے 2 ، 2 عہدیدار بھی خادم الحجاج کی حیثیت سے روانہ ہوں گے، جن کا انتخاب متعلقہ اداروں کی جانب سے کیا جائے گا ۔ قرعہ اندازی کے موقع پر دونوں ریاستوں کے درخواست گزار موجود تھے۔ پہلے تلنگانہ کی قرعہ اندازی انجام دی گئی جن میں زیادہ تر ایسے خادم الحجاج منتخب ہوئے جو گزشتہ سال بھی اس فریضہ پر روانہ ہوچکے ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی نے جاریہ سال قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو مقرر کیا ہے جبکہ گزشتہ سال 300 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج ہوا کرتا تھا ۔ تلنگانہ کے حج کوٹہ 2532 کے مطابق 12 خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے، جس کے لئے 97 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں  8 کو مسترد کردیا گیا۔ 10 خادم الحجاج کیلئے قرعہ اندازی کی گئی اور مزید 4 خادم الحجاج کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے ۔ آندھراپردیش کا حج کوٹہ 2052 ہے ، جس کے تحت 10 خادم الحجاج کا انتخاب کیا گیا، جس کیلئے 25 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 3 درخواستوں کو نامنظور کردیا گیا۔ 8 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا اور تین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔

سنٹرل حج کمیٹی نے خادم الحجاج کے کوٹہ میں 15 فیصد حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے ملازمین کو مختص کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق یہ فیصد طئے کیا گیا ہے ۔ قرعہ اندازی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ مکمل شفافیت کے ساتھ قرعہ اندازی کی گئی ہے ۔ انہوں نے منتخب خادم الحجاج کو مشورہ دیا کہ وہ پوری دیانتداری کے ساتھ عازمین کی خدمت کریں اور شکایت کا کوئی موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کی حیثیت سے منتخب افراد یقیناً خوش قسمت ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ خادم الحجاج کے بارے میں شکایات ملنے پر انہیں نہ صرف بلیک لسٹ کیا جائے گا بلکہ ان سے مکمل رقم وصول کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور حج کمیٹی کی جانب سے روانہ کئے جانے والے خادم الحجاج میں پہلی مرتبہ جانے والوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے کوشش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآبادی رباط میں موثر انتظامات کیلئے ناظر سے بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کیلئے مزید حج کوٹہ الاٹ کرے گی۔