تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے کے سی آر کی آج حلف برداری

حیدرآباد یکم جون (سیاست نیوز) ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے مسٹر کے چندر شیکھر راو صدر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی 2 جون کو صبح 8 بجکر 15 منٹ پر حلف لیں گے۔ اس حلف برداری تقریب میں ان کے ہمراہ مزید 7 کابینی وزراء کے حلف لینے کا امکان ہے۔ قبل ازیں ملک کی 29 ریاست کے پہلے گورنر کی حیثیت سے مسٹر ای ایس ایل نرسمہن صبح 6بجکر 10 منٹ پر حلف لیں گے ۔ جسٹس سین گپتا چیف جسٹس آندھرا پردیش گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن اپنی نئی ذمہ داریوں کا حلف دلوائیں گے ۔ بعدازاں 8 بجکر 15 منٹ پر منعقد ہونے والی نئی حکومت کی تشکیل کی حلف برداری تقریب میں مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ،چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کے علاوہ دیگر کابینہ وزراء کو حلف دلوائیں گے۔ راج بھون میںمنعقد ہونے والی ان دونوں تقاریب کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے اپنی کابینہ کے انتخاب کا عمل تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے علاوہ ازیں کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کابینہ کی توسیع ماہ جون کے اواخر میں انجام دی جائے گی۔ مسٹر کے چندر شیکھر کی حلف برداری تقریب کے بعد سکندرآباد پریڈ گراونڈ میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے سلسلہ میں پریڈ منعقد ہوگی ۔ علاوہ ازیں کلچرل پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔ 2 جون جو کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی تاریخ مقرر کی گئی تھی کے اعتبار سے 2 جون کو آندھرا پردیش عملی طور پر منقسم ہوجائے گا

ور 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آئے گا ۔ صدر ٹی ار ایس مسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے پڑوسی ریاست کے ساتھ بہتر تعلقات استوار رکھنے کے علاوہ 10 سال حیدرآباد کو مشترکہ صدر مقام کی حیثیت سے امن و امان کا گہوارہ بنانے کیلئے اقدامات کے طور پر حلف برداری تقریب میں منتخب چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو مدعو کیا جارہا ہے۔ راج بھون میں منعقد ہونے والی دو حلف برداری تقاریب کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات کے علاوہ صیانتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راو حلف برداری تقریب کے بعد یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میںمنعقد ہونے والی پریڈ میں سلامی لیں گے بعدازاں وہ سکریٹریٹ پہنچیں گے جہاں پر 12 بجکر 45 منٹ پر وہ اپنے چیمبر میں داخل ہوں گے ۔مسٹر کے چندر شیکھر راو بحیثیت چیف منسٹر اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد پہلی دستخط علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے نوجوانوں کے افراد خاندان کو ایکس گریشیاء کی اجرائی و دیگر مراعات کی فائل پر کریں گے ۔علاوہ ازیں وہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی اور دیگر چار فائیلوں پر دستخط کرسکتے ہیں۔ قلمدانوں کی تقسیم کے سلسلہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے تاحال کوئی قطعی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے اور اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزارت اقلیتی بہبود کا قلمدان خود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کے پاس ہوگا ۔