تلنگانہ میں بہبودی اسکیمات پر 35 ہزار کروڑ کا خرچ

کیا کانگریس قائدین اور چدمبرم اندھے ہیں،ترقی دکھائی نہیں دیتی؟ چیف منسٹرکے سی آر کی برہمی
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز / پی ٹی آئی) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے اِس الزام پر شدید ردعمل کا اظہار کیاکہ حکمراں ٹی آر ایس ریاست تلنگانہ میں اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں 35 ہزار کروڑ روپئے مالیتی بہبودی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ وہ کانگریس قائدین اور چدمبرم سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا وہ اندھے ہوگئے ہیں؟ کیا آپ کو ریاست میں ہورہی ترقی دکھائی نہیں دیتی؟ کیا اِسی طرح بہبودی اسکیمات پر کرناٹک اور اُن دیگر ریاستوں میں عمل ہورہا ہے جہاں کانگریس برسر اقتدار ہے؟ چیف منسٹر ضلع کھمم کے پالیر میں بھکتا راما داس پراجکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد ترو ملاپالم  منڈل میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ صرف دس ماہ کی قلیل مدت میں بھکتا رام داس پانی کا پراجکٹ مکمل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، اسی طرح کئی اور پراجکٹس کو مکمل کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 307 کروڑ روپئے مالیتی کے پراجکٹ مقررہ شیڈول سے 11 ماہ پہلے مکمل کیا گیا۔ اِس کا مقصد ضلع کھمم میں 60 ہزار ایکر اراضی کو سیراب کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ تمام اہل ہوم گارڈس کو محکمہ پولیس میں بحیثیت کانسٹبلس شامل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ہوم گارڈس کی تنخواہیں مقرر کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے مشن کاکتیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کئی تالابوں کی صفائی کرتے ہوئے پانی کا ذخیرہ کرنے میں کامیابی ملی۔ انھوں نے کہا کہ کنٹراکٹ پر ملازمت کرنے والے بیس ہزار ملازمین کو مستقل ملازمت دے کر ان کو ان کے افراد خاندان کو سہارا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ انٹر نیٹ سہولت کے ساتھ ساتھ گھر گھر پانی کی سہولت حکو مت کے خرچ سے مہیا کی جائیگی، اس مو قع پر کھمم کے  وناجی ۔وی  رامیا اور ان کی اہلیہ جنھوں نے  لاکھوں کی تعداد میں پودے لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم اور اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ شجرکاری میں صرف کیا ہے،کے سی آر کے ہاتھوں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا اور اُنھیں ہریتا ہارم  کے لئے برانڈ ایمبیسیڈر قرار دیا گیاہے۔اس موقع پر آر ۔ اینڈ ۔ بی وزیر جناب تملہ ناگیشور رائو ، نائب وزیر کڈیم سری ہری،وزیر آبپاشی ہریش رائو،منسٹر جناب ایٹالہ راجندر، وزیر برقی جناب جگدیش ریڈی، کھمم ایم پی  پونگو لیٹی سرینواس ریڈی، کے علاوہ حیدرآباد پولس کمشنر جو کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والے مہیندر ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ اور تلنگانہ پارٹی کے کارکنان اور عوام کی ایک بہت بڑی تعداد دیکھی گئی ہے۔