تعطیل پر لیٹے رہنا بنا سکتا ذیابیطس کا شکار

ہفتہ وار تعطیل کے دوران اپنا زیادہ وقت بیٹھ یا لیٹ کر گزارنا
ذیابیطس کا شکار بنا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
پٹسبرگ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق معمول کی نیند میں تبدیلی جیسے ہفتہ بھر دفتر جانے کے لئے جلد اٹھنا بھی امراض قلب اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے خطرے کو بڑھا دیتی ہے۔
یہ پہلی تحقیق ہے جس میں مختلف شفٹوں میں کام کرنے والے افراد کے اندر میٹابولک بیماریوں کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے دوران درمیانی عمر کے افراد کے مختلف اوقات میں دفتری امور سرانجام دینے کا جائزہ لے کر یہ دریافت کیا گیا کہ اس کے نتیجے میں خون میں چربی کی سطح بڑھتی ہے اور اس جز کی کمی ہوتی ہے جو بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے۔
محقق ڈاکٹر پیٹریشیا وونگ نے بتایا کہ لوگوں کے حیاتیاتی ردھم اور ان کے اوپر تھوپے گئے نیند کے شیڈول کے درمیان خرابی کے نتیجے میں صحت متاثر ہوتی ہے اور موٹاپے، ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں شامل رضاکاروں کے معمولات کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جن لوگوں کے سونے کا معمول ہفتہ وار تعطیل اور دفتری دنوں کے دوران بدلتا رہتا ہے ان میں کولیسٹرول لیول اور انسولین کی شرح زیادہ ہوتی ہے، جبکہ ان میں موٹاپے کا رجحان بھی    زیادہ ہے۔
یہ تعلق اس وقت بھی برقرار رہا جب محققین نے نیند، صحت کے رویوں اور جسمانی سرگرمیوں وغیرہ میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی۔
محققین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس حوالے سے کام کرتے ہوئے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ جدید عہد میں کام اور سماجی پابندیوں کے نیند اور صحت پر کیسے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔یہ تحقیق جریدے جرنل آف کلینیکل انڈوکرینولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع ہوئی۔