تسلیمہ نسرین کے متنازع ٹوئیٹ سے عیسائی طبقہ ناراض

کلکتہ : مدر ٹریسا سے متعلق متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین کے تبصرہ کے بعد بنگال کی عیسائی برادری میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔آرک کلکتہ تھومس ڈی سوزا نے کہا کہ تسلیمہ نسرین نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ مدر ٹریسا کی خدمات کی نہ صرف توہین کی ہے بلکہ انسانی خدمات کے شعبہ سے وابستہ تمام افراد کو دکھ پہنچایا ہے ۔
متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین نے گزشتہ دنوں ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مدر ٹریسا ہوم کے ذریعہ بچوں کی فروختگی کوئی نئی بات نہیں ہے ۔مدر ٹریسا بذات خود کئی غیر قانونی ، غیر انسانی او رغیر اخلاقی کاموں میں ملوث تھیں ۔اس لئے صرف اس بنیاد پرکہ وہ مشہور تھیں اس لئے ان کا دفاع نہیں کیا جاناچاہئے ۔
نسرین نے یہ تبصرہ اس وقت کیا ہے جب وزیر اعلی ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی مدر ٹریسا کو بد نام کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔قابل ذکر بات ہے کہ رانچی میں قائم مدر ٹریسا ہوم سے د و بچوں کو فروخت کئے جانے کے معاملہ میں دو افراد کو گرفتار کیاگیا ہے ۔

Back to Conversion Tool