ترکی میں منی بس حادثہ ، 17 ہلاک

استنبول ،30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے مشرقی صوبہ اغدیر میں ایک منی بس کے حادثہ کا شکار ہوجانے سے اس میں سوار 17تارکین وطن ہلاک ہوگئے ۔سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے آج بتایا کہ بس میں 14لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی لیکن اس میں 50سے زیادہ تارکین وطن سوارتھے ۔بس کے ڈرائیور نے قابو کھودیا جس کی وجہ سے وہ ایک کھمبے سے جاٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔ اس دوران بس کے پیچھے تارکین وطن کو لیکر آرہے ایک ٹرک نے حادثہ کی شکار بس سے باہر گرے لوگوں کو رونددیا۔انادولو نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور سمیت اس میں سوار 13لوگوں کو حراست میں لے لیا گیاہے۔بس میں پاکستان ،افغانستان اور ایران کے شہری سوارتھے ۔اغدیر کے گورنر نے بتایا کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ کی کوشش کے دوران یہ حادثہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ انکے صوبہ میں انسانی اسمگلنگ عام ہے ۔حالیہ برسوں میں شام اور دیگر ملکوں سے ہزاروں پناہ گزیں ترکی کے راستے یونان اور یوروپ میں داخل ہوئے ہیں ۔ان میں سے کئی پناہ گزیں اس دوران ہلاک بھی ہوئے ہیں ۔