بی جے پی ہندوستان کیلئے 440 وولٹ کی طرح خطرناک

عوام اسے یکسر مسترد کردیں ۔ جاریہ انتخابات بی جے پی حکمرانی کا خاتمہ ثابت ہوں گے : ممتا بنرجی
پنڈوا ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر مغربی بنگال اور صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے آج بی جے پی پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی ملک کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔ 440 وولٹ کی طرح ملک کے لیے خطرہ ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو مسترد کردیں اور پارٹی کے حق میں کوئی ووٹ دینے سے احتراز کریں ۔ ترنمول کانگریس کے امیدوار لوتناوے ناگ کے حق میں ضلع ہوگلی میں پنڈوا مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ دونوں بی جے پی اور نریندر مودی کو اگر دوسری مدت کے لیے ووٹ دیا گیا تو ملک کو تباہ کردیں گے ۔ بی جے پی اس ملک کے لیے 440 وولٹ کی طرح سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بی جے پی حکومت کو ہٹادیں ۔ اس کی حکومت میں کئی کسانوں نے خود کشی کی ہے اور ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں ۔ گیاس ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ عوام کو بنکوں سے رقم حاصل نہیں ہورہی ہے ۔ بی جے پی دور حکومت میں عوام اپنے ہی پیسے کے حصول میں ناکام ہورہے ہیں ۔ انہوں نے سی پی آئی ایم پر الزام عائد کیا کہ یہ پارٹی بھی بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ اب سی پی آئی ایم کے غنڈے بی جے پی کے استاد بن گئے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہے تاکہ اقتدار پر دوبارہ قابض ہوسکے ۔ آخر بی جے پی یہ دعویٰ کس طرح کرسکتی ہے کہ وہ ہندوؤں کی پارٹی ہے ؟ بی جے پی کے نزدیک ہندوؤں کے مذہب کا کوئی احترام نہیں ہے ۔ مودی کی قیادت نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس نے کئی مفادات پر ترقیاتی کام انجام دئیے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں 80 نشستیں بھی نہیں ملیں گی ۔ آندھرا پردیش ، ٹاملناڈو ، پنجاب ، کیرالا اور مغربی بنگال اور اوڈیشہ جیسی ریاستوں میں تو ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی ۔ مودی اور امیت شاہ کی قیادت میں بی جے پی نے ممتا بنرجی کی ٹی ایم سی حکومت کے خلاف زور و شور سے مہم چھیڑ رکھی ہے۔ بی جے پی کسی بھی قیمت پر جاریہ لوک سبھا چناؤ میں مغربی بنگال میں اچھا مظاہرہ پیش کرنا چاہتی ہے۔