بی جے پی کے پاس دہشت گردوںکیلئے یا تو گولی ہے یا بم : آدتیہ ناتھ

غازی آباد / گریٹر نوئیڈا 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے آج بالاکوٹ حملوں پر ثبوت طلب کرنے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پلواما کا جواب دئے جانے کے بعد صرف دو گروپوں کو تکلیف ہوئی ہے ایک پاکستان ہے اور دوسرا اپوزیشن ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے غازی آباد میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دہشت گردوں کی نعشیں گننے میں مصروف ہے اور ایسے وقت میں ہماری اپوزیشن ان حملوں کے تعلق سے سوال پوچھ رہی تھی ۔ اس کو کسی قیمت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ گریٹر نوئیڈا میں ایک اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت پر دہشت گردوں کی بریانی سے تواضع کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے میں نرم رویہ رکھتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسعود اظہر کو عزت دیتی ہے اور ان کے نام کے آگے جی لگاتی ہے جبکہ بی جے پی کے پاس دہشت گردوں سے نمٹنے کے صرف دو طریقے ہیں۔ ایک گولی اور دوسرا بم ۔ انہوں نے کہا کہ بالا کوٹ حملوں کے بعد پاکستان رو رہا تھا ۔ ان حملوں سے صرف دو گروپس کو تکلیف ہوئی ۔ ایک پاکستان تھا تو دوسرا اپوزیشن ۔ آدتیہ ناتھ نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور سماجوادی پارٹی و بہوجن سماج پارٹی پر بالا کوٹ حملوں کا ثبوت مانگتے ہوئے ملک کے سپاہیوں کی ہتک اور توہین کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے دہشت گردوں اور نکسلائیٹس کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس ‘ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پر سماج میں ذات پات کی بنیاد پر تفریق پیدا کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔