بی جے پی ایم ایل اے کی زہر افشانی، مسلمانوں کو گھروں میں گھسنے نہ دیں

جے پور:بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے مسلمانوں کے خلاف متنازع بیان دیا ہے۔راجستھان کے الور سے رکن اسمبلی بنوار ی لال سنگھل نے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا ہے۔سنگھل نے ہندوخاندانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کو اپنے گھر میں نہ گھسنے دیں۔انہوں نے کہا کہ میں کسی مسلمان کو نہ ہی اپنے گھر میں آنے دیتا ہو ں اور نہ ہی آفس میں ۔

یہاں تک کہ میں ان کا ووٹ بھی نہیں مانگتا۔انہوں نے کہا کہ ان کو میو سماج کے لوگ کی ضرورت نہیں ہے ،ویسے بھی الور میں میو سماج کے لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں مسلمانوں کے پاس ووٹ مانگنے کبھی نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ الور میں جرائم کی فہرست دیکھیں تو اس میں مسلم سماج کے لوگ زیادہ ملیں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلمان لو جہاد میں ماہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی قسم کے جرائم ہیں ان میں مسلم سماج شامل ہے تو میں مسلم سماج سے ووٹ نہیں مانگنے جاتا۔انہوں نے یہ سب باتیں ایک تقریب میں کہی۔لال سنگھل نے مزید کہا کہ میرے گھر میں مسلمانو ں کا داخلہ ممنوع ہے۔کسی بھی قیمت پر کسی کام کے لئے گھر میں داخلہ ممنوع ہے۔واضح رہے کہ بی جے پی ممبر اسمبلی بنواری لال سنگل اس سے قبل بھی متنازعہ بیان دے کر سرخیوں میں رہ چکے ہیں۔