بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا مودی پر جوابی وار

: الور عصمت دری معاملہ :
بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا مودی پر جوابی وار

لکھنو ۔13 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) الور آبروریزی معاملے میں وزیر اعظم نریند مودی کے ذریعہ کئے گئے تبصرہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے پیر کو کہا کہ بی جے پی نے کبھی بھی خواتین کو عزت نہیں دی اور آج وہ الور معاملے پر گندی سیاست کررہی ہے ۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ نریندر مودی الور اجتماعی ریپ کیس میں پوری طرح سے خاموش تھے لیکن اب وہ اس پر گندی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو اس کا خاطر خواہ فائدہ مل سکے ۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ کس طرح سے دوسروں کی بہن اور بیویوں کو تحفظ فراہم کرسکتے جب انہوں سیاسی فائدے کے لئے اپنی خود کی بیوی کو ہی بے یارو مدد گار چھوڑ دیا۔بی ایس پی سربراہ نے دعوی کیا کہ انہیں پتا چلا ہے کہ بی جے پی میں مودی کے قریب جانے والی شادی شدہ خواتین اپنے شوہروں سے کافی خائف رہتی ہیں۔ ان کو ہر وقت یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں ان کے شوہر بھی انہیں نہ چھوڑ دیں۔ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ اگر راجستھان حکومت نے الور معاملے کے قصورواروں کے خلاف مناسب کاروائی نہیں کی تو ان کی پارٹی حکومت کو اپنی حمایت دینے کے بارے میں غور کرے گی۔ملحوظ رہے کہ مایاوتی کا ردعمل اتوار کے دن وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے بی ایس پی سے راجستھان حکومت سے اپنی حمایت واپس لینا کا مطالبہ کیا تھا۔ اور کہا تھا کہ دلت لڑکی کے ساتھ عصمت دری کے باوجود بی ایس پی اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ساتھ ہی وزیراعظم نریندرمودی نے یہ بھی کہا تھا کہ اس واقعہ کی ذمہ دار راجستھان کی کانگریس حکومت کو اپنی حمایت دے کر بی ایس پی دلت کے خیرخواہ ہونے کا دعوی کر کے ’’گھڑیالی آنسو‘‘ بہارہی ہے ۔وہیں محترمہ مایاوتی اپنے ایک بیان میں مودی کے اس ضمن میں دئے گئے بیان کو ’’فرضی دلت پریم‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا اچانک الور معاملے میں ہمدردی کا مظاہرہ کرنا سیاست سے متاثر ہے ۔ بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ مودی اچانک الورمعاملے کے تعلق سے کافی متحرک ہوگئے ہیں لیکن ماضی میں انہوں نے بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں پیش آنے والے ایسے متعدد واقعات کو نظر انداز کیا ہے ۔ انہوں نے سوال کہ کیا انہوں نے اونا معاملے میں گجرات کے وزیر اعلی سے استعفی مانگا تھا؟ یا انہوں نے روہت ویمولا کے معاملے میں مرکزی وزیر سے استعفی لیا تھا؟۔