بیگم کلثوم نواز کا انتقال،شوہر ،بیٹی اور داماد کی پیرول پر رہائی

لندن 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی شریک حیات کلثوم نواز کا طویل علالت کے بعد آج لندن میں انتقال ہوگیا۔ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے یہ اطلاع دی۔ بیگم کلثوم نواز لندن کی ہرلے اسٹریٹ کلینک میں جون 2014 ء سے زیرعلاج تھیں۔ جیو ٹی وی نے خبر دی کہ منگل کی صبح صحت میں ابتری کے پیدا ہونے کے بعد اُنھیں مصنوعی تنفس پر رکھا گیا تھا۔ اگسٹ 2017 ء کے دوران پاکستان کی سابق خاتون اول 68 سالہ کلثوم نواز کے حلق کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص ہوئی تھی۔ کلثوم نواز کی شادی 1971 ء میں نواز شریف سے ہوئی تھی جنھیں دو فرزند اور ایک دختر ہیں۔ لاہور سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی دختر مریم اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کو جو تینوں فی الحال جیل میں قید ہیں، بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کے لئے پیرول پر رہا کیا جارہا ہے۔ جیو ٹی وی نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے کہاکہ کلثوم نواز کی تجہیز و تکفین، نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی غرض سے ان تینوں کیلئے پیرول منظور کی گئی ہے۔ شریف، مریم اور صفدر فی الحال راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جنھیں جولائی کے دوران احتساب کی عدالت نے رشوت کے مقدمہ میں مجرم قرار دیا تھا۔ ذرائع نے کہاکہ پیرول کی منظوری کے لئے رسمی درخواست درکار ہوتی ہے۔ نواز شریف کے خاندان نے بیگم کلثوم کی میت پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں ہی ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔