بیف کی فروخت پر امتناع سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی بڑھے گی!

ممبئی ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک اور تنازعہ چھیڑتے ہوئے بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین نے آج مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنے ریاستوں میں بیف کی فروخت پر امتناع کا مطالبہ کردیں تاکہ ’’فرقہ وارانہ ہم آہنگی بڑھائی جاسکے‘‘۔ شاہنواز نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ ’’کسی حکومت کی جانب سے فیصلے عوامی احساسات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کئے جاتے ہیں۔ ہر حکومت چاہتی ہے کہ عوامی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچنے پائے۔ حکومت مہاراشٹرا نے بھی عوامی احساسات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیف کی فروخت پر پابندی عائد کی ہے‘‘۔ انھوں نے کہا، ’’دیگر ریاستوں کے مسلمانوں کو چاہئے کہ حکومت مہاراشٹرا کے فیصلوں سے تحریک لیں اور آگے بڑھ کر اپنی متعلقہ ریاستوں میں بیف کی فروخت پر پابندی عائد کردینے کا مطالبہ کریں۔ اس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ ملے گا‘‘۔ جب اُن کے رفیق مختار عباس نقوی کے بیف کھانے والوں کو پاکستان بھیج دینے سے متعلق تبصرے کی بابت پوچھا گیا تو شاہنواز نے کہا، ’’ہمارا منشاء کسی کے احساسات کو ٹھیس پہنچانا نہیں ہے۔ ہمیں کسی کو پاکستان بھیجنے کا کوئی حق نہیں اور اگر ہمیں بھی تو کوئی ایسا کرنے والا نہیں ہے‘‘۔