بیج پانی میں سفر کیسے کرتے ہیں؟

بچو! ناریل ایک ایسا پودا ہے جس کے بیج پانی میں سفر کرتے ہوئے دُور تک چلے جاتے ہیں۔ ناریل کے درخت عموماً ساحل سمندر پر اُگتے ہیں اور پکے ہوئے ناریل پانی میں گرجاتے ہیں۔ اپنے سخت خول کی وجہ سے وہ پانی میں محفوظ رہتے ہیں۔ کئی ہفتوں یا مہینوں کے سفر کے بعد سمندر کی لہریں انھیں کسی ساحل پر ڈال دیتی ہیں، جہاں وہ پھوٹ پڑتے ہیں اور اُگنا شروع ہوجاتے ہیں۔ بیجوں کا سفر جاری رہتا ہے اور درخت سے درخت بنتے چلے جاتے ہیں۔ ناریل کے درخت میں تقریباً دو ڈھائی سو کے قریب ناریل لگتے ہیں اور ان میں سے کچھ ناریل پانی میں تیرتے ہوئے دُور تک نکل جاتے ہیں۔ ناریل کا شمار خشک میوہ جات میں بھی کیا جاتا ہے۔

سمندری بچھو
پیارے بچو! دنیا میں بچھوؤں کی 400 اقسام پائی جاتی ہیں جن میں سے 25 اقسام زہریلی ہیں جن کے ڈنک مارنے سے انسان کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ بچھوؤں کی آٹھ ٹانگیں ہوتی ہیں۔ اس کا خطرناک ڈنک اس کی دُم میں ہوتا ہے۔برطانیہ اور جرمنی کے ماہرین نے انتہائی بڑی جسامت کے سمندری بچھو کا 390 ملین سال پرانا ڈھانچہ (Fossil) دریافت کیا ہے۔ اس سمندری بچھو کی لمبائی 8.1 فٹ سے زائد تھی جب کہ اس کے پنجے کی لمبائی 18.4 اِنچ تھی۔ لگ بھگ ساڑھے 25 کروڑ سال پہلے اس کا وجود تھا۔