بہار میں اشتعال انگیز تبصرہ پر امیت شاہ کیخلاف الیکشن کمیشن سے شکایت

نئی دہلی؍ پٹنہ۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ کے ’’پاکستان میں پٹاخے‘‘ کے تبصرے کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں نے آج سخت مذمت کی ہے۔ جنتادل (یو) اور کانگریس نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروادی اور مطالبہ کیا کہ انتخابات کے اختتام تک امیت شاہ کے بہار میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے امیت شاہ کو ’’پاگل‘‘ قرار دیا۔ رکسول کے ایک انتخابی جلسہ میں کل امیت شاہ نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی بہار اسمبلی انتخابات میں ناکام ہوجاتی ہے تو پاکستان میں پٹاخے چھوڑے جائیں گے۔ جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہا کہ ایک مقدمہ ان (امیت شاہ) کے خلاف درج کیا جانا چاہئے اور بہار میں انتخابی عمل کے ختم ہوجانے تک ان کے داخلے پر امتناع عائد کیا جانا چاہئے۔ تیاگی نے کہا کہ انہیں تنازعات پیدا کرنے کی عادت ہے۔ اس سے قبل بھی انہیں عدالت نے گجرات میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ تیاگی اس وفد میں شامل تھے جس میں کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے نئی دہلی میں ملاقات کرکے ایک یادداشت پیش کی، جس میں بی جے پی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

 

تیاگی نے ریمارک کیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کوشش کررہے ہیں کہ ملک کی فرقہ وارانہ خطوط پر صف بندی کی جائے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جیسا کہ 1947ء کے دنوں میں تھا جبکہ کانگریس کے ترجمان نے امیت شاہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہار کی 10 کروڑ آبادی کی توہین کررہے ہیں اور ان کی حب الوطنی کو مشکوک قرار دے رہے ہیں۔ لالو پرساد نے کہا کہ امیت شاہ کے تبصرے ریاست کے عوام کی توہین ہیں۔ یہ شخص (امیت شاہ) مایوسی سے پاگل ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اور فرقہ پرست تبصرے کررہا ہے تاکہ بہار کے رائے دہندوں کی فرقہ پرستی کے خطوط پر صف بندی کی جائے۔ لالو پرساد نے الزام عائد کیا کہ قومی صدر بی جے پی آئندہ دو مرحلوں کی رائے دہی کے دوران بہار کی آبادی کو فرقہ پرستی کے زہر کے انجکشن دینا چاہتے ہیں۔ صدر آر جے ڈی نے کہا کہ امیت شاہ کا قابل اعتراض بیان ریاست کے شہریوں کی توہین کے مترادف ہے، خاص طور پر پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں کی توہین ہے۔ صدر جے ڈی یو شرد یادو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امیت شاہ کے تبصرے نہ صرف بدبختانہ ہیں بلکہ دو سال قبل اُن کے تبصروں کا اعادہ ہیں جبکہ نتیش کمار نے یٰسین بھٹکل کو بہار میں زیر حراست رکھنے سے انکار کردیا تھا۔ اس وقت بھی انھوں نے اسی قسم کے اشتعال انگیز تبصرے کئے تھے۔ ترجمان بی جے پی سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں وہ یقینا فرقہ پرستوں کے ہاتھوں کا کھلونا بن گئے ہیں۔

 

امیت شاہ کے تبصرہ پر الیکشن کمیشن کو رپورٹ مطلوب
پٹنہ ، 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کے ’’پاکستان میں پٹاخے جلانے‘‘ والے تبصرہ کے خلاف درج کرائی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن آفس نے اس ریمارک کے بارے میں آج ریٹرننگ آفیسر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ’’ہم نے صدر بی جے پی امیت شاہ کے ریمارک کے ضمن میں مشرقی اور مغربی چمپارن کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس سے رپورٹ طلب کی ہے،‘‘ ایڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر آر لکشمانن نے یہاں میڈیا والوں کو یہ بات بتائی۔ دونوں عہدیداروں سے کہا گیا کہ اپنی رپورٹ جلد از جلد پیش کریں اور الیکشن آفس کارروائی کا فیصلہ اُن کی رپورٹس کی اساس پر کرے گا۔