بہار میں آج چوتھے مرحلے کی رائے دہی

55 نشستوں کیلئے انتخابی مسابقت ۔ بی جے پی کیلئے وقار کا مسئلہ
پٹنہ ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار الیکشن کے دوسرے آخری دور میں کل اتوار کو 55 نشستوں میں ووٹنگ منعقد کی جائے گی جبکہ بی جے پی کیلئے بہت کچھ داؤ پر لگا ہے کیونکہ اس نے گزشتہ اسمبلی چناؤ میں اپنے اُس وقت کے حلیف جے ڈی (یو) کے ساتھ ان میں سے زیادہ تر نشستیں جیتے تھے۔ بی جے پی نے سات اضلاع مظفرپور، ایسٹ چمپارن، ویسٹ چمپارن، سیتامڑھی، شیوہار، گوپال گنج اور سیوان میں پھیلی ہوئی 55 نشستوں میں سے 26 نشستیں اسمبلی چناؤ 2010ء میں جیتے تھے۔ تب اس کی حلیف پارٹی جے ڈی (یو) 24 نشستوں میں کامیاب ہوئی تھی۔ آر جے ڈی نے 2 نشستیں اور آزاد امیدواروں نے 3 سیٹیں جیتے تھے۔ لیکن اس مرتبہ صورتحال بدل گئی ہے۔ عظیم سکیولر اتحاد کیمپ سے آر جے ڈی نے اب 26 حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں، جس کے بعد جے ڈی (یو) کے 21 اور کانگریس کے 8 ہیں۔ دوسری طرف این ڈی اے کی طرف سے بی جے پی نے اس مرحلے میں 42 نشستوں پر اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں، ایل جے پی کو 5 اور ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کو چار، چار حلقے دیئے گئے ہیں۔ یکم نومبر کو جملہ 1,46,93,294 رائے دہندے 14,139 پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔ وہ 776 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے جن میں 57 خواتین ہیں۔ ایڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر آر لکشمانن نے کہا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں موجود انتخابی مراکز کی تعداد 3043 ہے۔