بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی ضرورت

چندی گڑھ۔ /30جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے سی پی آئی نے آج کہا کہ آنے والے چناؤ میں بی جے پی کو شکست دینے کی اشد ضرورت ہے اور آئندہ سال مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بائیں بازو جماعتوں میں اتحاد کی ضرورت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ سی پی آئی نیشنل کونسل کے تین روزہ اجلاس میں یہ رائے پیش کی گئی جبکہ اجلاس میں مجوزہ بہار انتخابات کیلئے لائحہ عمل ، تحویل اراضی بل کے خلاف مہم کا جائزہ اور ملک میں سیاسی و معاشی حالات پر غور و خوض کیا جائے گا۔ سی پی آئی نیشنل سکریٹری مسٹر ڈی راجہ نے بتایا کہ جاریہ سال ستمبر یا اکٹوبر میں ہمیں انتخابات کا سامنا ہے اور بہار اسمبلی کیلئے سی پی آئی بھی مقابلہ کرے گی اور نیشنل کونسل اجلاس میں بہار کے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بہار کے انتخابات کلیدی ہیں اور ہمارے خیال میں بی جے پی کو شکست دینے کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی ساتھ اسمبلی میں لیفٹ پارٹی کی موثر نمائندگی کیلئے بائیں بازو کے اتحاد کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں بہار میں شیرازہ بندی اور از سر نو صف بندی اور سیاسی تبدیلیوں پر باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ قومی سطح پر بائیں بازو کے اتحاد کو طاقتور بنانے کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ لیفٹ پارٹیاں ہی عوام دوست متبادل فراہم کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ2016ء میں مغربی بنگال ، تاملناڈو، کیرالا، آسام اور 2017 میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے اور ہمیں ان انتخابات میں مقابلہ کرنا ہوگا کیونکہ لیفٹ پارٹیاں ہی عوامی تحریکات چلاتے ہوئے ایک سیاسی متبادل فراہم کرتی ہیں اور عوام دوست معاشی، سماجی ، خارجی اور ثقافتی پالیسی پیش کرتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال کمیونسٹ تحریک کے دوبارہ انضمام کے امکانات موہوم ہیں اور بتایا کہ قومی سطح پر سی پی آئی ، سی پی ایم آر ایس پی اور فارورڈ بلاک کے درمیان رابطہ پروگرام ہے۔ مذکورہ اجلاس میں سینئر قائدین اے بی بردھن، گروداس گپتا، پارٹی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی شریک تھے۔