بھگوان میں طاقت ہوتی تو آج تک مندر بن گیا ہوتا ، ایودھیا میں رام نہیں بدھ کا مندر بننا چاہئے : رکن پارلیمان ساوتری بائی 

غازی پور : متنازعہ بیانات دینے میں مشہور بہرائچ کی بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ساوتری بائی نے پھر ایک بار ایودھیا میں رام کی جگہ بدھ کی مندر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام کا مندر نہیں بلکہ بدھ کا مندر بننا چاہئے ۔ یہ کام تبھی ممکن ہوسکے گا جب بہوجن سماج اور پسماندہ سماج متحد ہوکر اپنی طاقت کا احساس کروائے ۔

انہوں نے کہا کہ میں رکن پارلیمنٹ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر صاحب کی وجہ سے بنی ہوں ۔ سادھوی ساوتری بائی سلیم پور میں منعقد ’’ بھیم چرچا مہوتسو ‘‘ میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کی غلام نہیں ہے اگر ان کی نشست محفوظ نہ ہوتی تو بی جے پی کبھی انہیں ٹکٹ نہ دیتے ۔بی جے پی حکومت ملک کے آئین کو تبدیل کرنے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئین بدل کر ملک کے 85 فیصد آبادی کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت دلتوں کے حقوق کو ختم کرناچاہ رہی ہے ۔ ساوتری نے کہا کہ انتخابا ت قریب آتے ہی انہیں مندر کی یاد آجاتی ہے۔ انہوں کہا کہ بھگوان میں طاقت ہوتی تو آج تک مندر بن گیا ہوتا ۔ واضح رہے کہ ساوتری بائی بابری مسجد کے مقام پر بدھ مت کا مجسمہ لگانے کا مطالبہ کرچکی ہے ۔

انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر جب بابری مسجد کی کھدائی کی گئی تھی تووہاں سے بدھ مت کے باقیات دستیاب ہوئے تھے ۔