بنگلور چرچ اسٹریٹ دھماکہ کیس میں رفیق گرفتار

بنگلورو ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے نے چرچ اسٹریٹ دھماکہ کے زائد از ایک سال بعد بڑی پیشرفت میں آج اس کیس کے اصل ملزم کو گرفتار کرلیا، جس میں ایک خاتون ہلاک اور تین دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔ قومی تحقیقاتی ادارہ نے کہا کہ ملزم نے کوکونٹ گروو بار اینڈ رسٹورنٹ کے اندرون عصری دھماکو آلہ (آئی ای ڈی) نصب کرنا چاہا تھا، جیسا کہ اسے اپنے آقا سے ہدایت ملی تھی، جس نے اسے 28 ڈسمبر 2014ء کو اسرائیلی وفد کی ڈنر کیلئے امکانی آمد کے تعلق سے آگاہ کیا تھا۔ ایجنسی نے کہا کہ این آئی اے نے آج محمد رفیق عرف جاوید عرف عالم آفریدی ولد ایم احمد متوطن احمدآباد کو بنگلور کے چرچ اسٹریٹ دھماکہ کیس میں رول پر گرفتار کیا ہے۔ اس نے بتایا کہ یہاں کی این آئی اے اسپیشل کورٹ نے آفریدی کو تحویل میں رکھ کر تفتیش کیلئے این آئی اے کو 10 روزہ تحویل دی تھی۔ شہر کے قلب میں مصروف سڑک پر واقع مقبول رسٹورنٹ کے روبرو رات میں آئی ای ڈی کے ذریعہ دھماکہ کیا گیا تھا۔ سیمی سے وابستہ آفریدی اس تنظیم کی جانب سے کیرالا کے واگھومن میں دہشت گردی کے ٹریننگ کیمپ کے کیس میں بھی این آئی اے کو مطلوب تھا۔